0
Tuesday 24 May 2022 23:03
حکومت فوری ہمارے سیاسی ورکرز کو رہا کرے

پرامن لانگ مارچ و احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا اولین حق ہے، شاہ محمود قریشی

پرامن لانگ مارچ و احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا اولین حق ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں اور عہدیداروں کی بلاجواز گرفتاری، پولیس کی جانب سے چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی اور نہتے کارکنوں پر پولیس تشدد کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا پرامن لانگ مارچ و احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا اولین حق ہے اور پی ٹی آئی اسی حق کو استعمال کرتے ہوئے پر امن لانگ مارچ کرنے جا رہی ہے۔ فسطائی حکومت پر اس وقت بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے اور اسے کچھ اور تو سمجھ نہیں آیا اس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری اور کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ رات سے جو اقدامات اٹھائے ہیں ایسے اقدامات آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوئے۔ نہتے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاری چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی کرکے امپورٹڈ حکمرانوں نے آمرانہ دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ ہم نے اپنے تمام کارکنوں کو کہا کہ وہ پرامن رہیں لیکن ہمارے پرامن کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی اعلی قیادت ایک ایک کارکن کے شانہ بشانہ ہے۔ اگر ہمارے کسی بھی کارکن کو نقصان پہنچا تو حکمرانوں سے اس کا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ان گرفتاریوں سے کارکنوں کا حوصلہ و عزم کم نہیں ہوگا۔ عمران خان کا قافلہ رکے گا نہیں بلکہ ایک نئے جوش و ولولہ سے منزل کیطرف رواں دواں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کے پرامن لانگ مارچ کے راستے میں حائل رکاوٹیں ختم کی جائیں۔ اگر لانگ مارچ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور رخنہ ڈالا گیا تو ملک کا ہر چوک اور ہر سڑک اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے بن جائے گی اور امپورٹڈ حکمران اس کے ذمہ دار ہونگے۔

 
خبر کا کوڈ : 995894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش