0
Wednesday 25 May 2022 00:12

عوام جہاد سمجھ کر کل باہر نکلیں، ہم پر امریکی غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے، عمران خان

عوام جہاد سمجھ کر کل باہر نکلیں، ہم پر امریکی غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اللہ کے علاوہ کبھی کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں، موقع ملا ہے کہ فیصلہ کریں، ہم غلام رہیں گے یا آزاد ہو جائیں گے۔ حقیقی آزادی مارچ سے قبل پشاور سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارا ایک مقصد ہے، الیکشن کرائیں اور اسمبلی تحلیل کریں، کل حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کرونگا، قوم سے کہتا ہوں کہ جیلوں سے ڈرنا نہیں ہے، عوام کی جتنی تعداد ہوگی، اتنی جیلوں میں جگہ نہیں ہے، میں خاص طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی سے چاہوں گا کہ وہاں سے لوگ نکلیں، ہم اگر اب نہیں نکلیں گے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہا ہے، اس کو ضائع نہ ہونے دیں۔ عمران خان نے کہا کہ عوام جہاد سمجھ کر کل باہر نکلیں، ہم پر امریکا کے غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے، غلاموں میں ہمت نہیں کہ امریکا کو جواب دے سکیں، پاکستان میں اس وقت کرپٹ لوگوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، ہمیں وہ موقع ملا ہے کہ اپنے ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرسکیں، میرے پاکستانیوں اس موقع کو ضائع نہ ہونے دینا، ملکی آزادی کی جدوجہد کرنا جہاد ہے، حقیقی آزادی کیلئے جہاد سمجھ کر نکلیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان پر ڈرون حملے ہو رہے تھے تو ان غلاموں کو جرات نہ تھی، باہر کے سامراجوں کو اس قسم کے غلاموں کی ضرورت ہوتی ہے، حقیقی آزادی میں کامیاب ہوگئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی سے ڈکٹیشن یا غلامی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پاکستانی قوم غیرت مند ہے، ہمیں کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں، اوپر جو کرپٹ ٹولہ بیٹھا ہوا ہے، اس نے قوم کو غلام بنایا ہوا ہے، یہ کرپٹ ٹولہ غلام ہے، ان کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں، پیسوں کے غلام ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا، میں کل خود حقیقی آزادی مارچ کی خیبر پختون خواہ سے قیادت کرونگا، میں سری نگر ہائی وے سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا۔
خبر کا کوڈ : 995910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش