QR CodeQR Code

لاہور پولیس کا پی ٹی آئی رہنماوں سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ

25 May 2022 12:00

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چودھری کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں 13 ایس ایم جی رائفل، درجنوں پستول اور سیکڑوں گولیاں شامل ہیں، اسلحہ کو ممکنہ طور پر لانگ مارچ کے دوران پولیس پارٹی کیخلاف استعمال کیا جانا تھا، اسلحہ زبیر نیازی اور بجاش نیازی کے گھر کے باہر سے برآمد ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماوں کی گاڑیوں سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کہتے ہیں برآمد شدہ اسلحے میں 13 ایس ایم جی رائفل، درجنوں پستول اور سیکڑوں گولیاں شامل ہیں، اسلحے کو ممکنہ طور پر لانگ مارچ کے دوران پولیس پارٹی کیخلاف استعمال کیا جانا تھا، اسلحہ زبیر نیازی اور بجاش نیازی کے گھر کے باہر سے برآمد ہوا۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چودھری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ بھاری تعداد میں اسلحہ لاہور لایا جا رہا ہے، کل رات موٹروے کے قریب گاڑیوں کا تعاقب کیا گیا، جن میں اسلحہ تھا، گاڑیاں ایک پرائیویٹ سوسائٹی میں جا کر بجاش نیازی کے گھر پر رُک گئیں۔ پولیس پہنچی تو ملزمان فرار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی لی تو بڑی تعداد میں اسلحہ ملا، یہ اسلحہ لانگ مارچ کیلئے استعمال ہونا تھا، فرار ملزموں کو جلد پکڑ لیں گے، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پولیس نے لاہور سے سینیٹر اعجاز چودھری اور سابق صوبائی وزیر محمود الرشید سمیت 162 کارکنوں کو سولہ ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونیوالا کانسٹیبل لاہور پولیس کے ماتھے کا جھومر ہے، شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس ہمہ وقت تیار ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 995984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995984/لاہور-پولیس-کا-پی-ٹی-ا-ئی-رہنماوں-سے-بھاری-اسلحہ-برا-مد-کرنے-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org