0
Sunday 18 Sep 2011 19:22

نواز شریف اور آصف زرداری اقتدار کے پجاری اور امریکہ کے پٹھو ہیں، عمران خان

نواز شریف اور آصف زرداری اقتدار کے پجاری اور امریکہ کے پٹھو ہیں، عمران خان
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ’’اسلام ٹائمز ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہ ملک میں صرف نام کی جمہوریت ہے، کرپشن نے نہ صرف اداروں کو بلکہ ملک کو بھی تباہی سے دوچار کر دیا ہے، پاکستان جتنی امریکی غلامی میں آج ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، امریکی دھمکیوں پر حکمران بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں، ڈینگی کنٹرول کرنے اور سیلاب متاثرین کی امداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کسی چور لٹیرے سے اتحاد نہیں کریگی بلکہ عوامی طاقت سے کلین سویپ کر کے حکومت بنائیں گے، 23 اکتوبر کو مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا جلسہ پنجاب میں چور لٹیروں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف دونوں کا مقصد ملک کی بہتری اور عوام کی خدمت نہیں صرف اقتدار حاصل کرنا ہے اور وہ اس کیلئے امریکی غلامی کو لازم سمجھتے ہیں اور ان کے ہوتے ہوئے پاکستان کبھی بھی امریکی غلامی سے باہر نہیں آ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو ملک میں کرپشن بڑھ جاتی ہے لیکن موجودہ دور حکومت میں آصف زرداری اور ان کی ٹیم نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں اور حکومتی ناکامیوں کی ذمہ داری صرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ اس کی تمام اتحادی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے اور آئندہ انتخابات میں ان کو حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پہلے دن سے ہی پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر قائم ہے اور اب بھی اس کی دھمکیاں انتہائی خطرناک ہیں، مگر بدقسمتی سے حکمران امریکی دھمکیوں کے آگے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی سالمیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور وقت آ چکا ہے کہ ہم اس جنگ سے خود کو الگ کر لیں ورنہ آنیوالے وقت میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اصولی سیاست کرتی ہے اور ہم آئندہ انتخابات میں کسی بھی چور لٹیرے سے اتحاد نہیں کریں گے بلکہ دعوے سے کہتا ہوں کہ عوامی حمایت سے کلین سویپ کر کے تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے راستے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بند ہیں حکومت جان بوجھ کر چشم پوشی کا مظاہرہ کر رہی ہے جو حکومت اور پاکستان کے لئے خطرناک ہے، حکمران محض امریکی خوشنودی کے لئے پارا چنار اور کرم ایجنسی کے مکینوں پر ہونے والے مظالم پر کارروائی نہیں کر رہی اور لگتا ہے فوج کو بھی حکومت نے ہی روک رکھا ہے، حکومت کو پاکستانی عوام کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے اور قبائلی علاقے کے عوام کو بھی وہی سٹیٹس ملنا چاہیے جو اسلام آباد اور لاہور کے شہریوں کو حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 99604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش