0
Thursday 26 May 2022 08:25

اسرائیل نے شہید صیاد خدائی کے قتل کا اعتراف کر لیا، نیویارک ٹائمز

اسرائیل نے شہید صیاد خدائی کے قتل کا اعتراف کر لیا، نیویارک ٹائمز
اسلام ٹائمز۔ ایک امریکی اخبار نے باخبر ذرائع سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت نے امریکہ کو مطلع کیا ہے کہ شہید صیاد خدائی کے قتل میں اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق، آج جمعرات کو امریکی اخبار ''نیویارک ٹائمز'' نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت نے تھران میں شہید صیاد خدائی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اس حوالے سے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت کے ایک اہلکار نے امریکہ کو مطلع کیا کہ شہید خدائی کا قتل اسرائیلی کارندوں نے انجام دیا ہے۔ اس اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے اس قتل پر کوئی بیان دینے سے اجتناب کیا تھا۔ لیکن ایک باخبر انٹیلی جنس اہلکار کے مطابق، اسرائیل نے امریکی حکام کو اطلاع دی ہے کہ اس قتل کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے۔ نیویارک ٹائمز نے مزید لکھا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ کرنل خدائی کے قتل کی منصوبہ بندی پچھلے سال جولائی 2021ء میں کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ حالیہ اتوار کی شام تقریباً 4:00 بجے، صیاد خدائی کو موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے تہران میں مجاہدین اسلام اسٹریٹ سے ملحقہ گلیوں میں پانچ گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔

دوسری جانب انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے تاکید کی کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی قیادت میں عالمی استکباری قوتیں شہید صیاد خدائی کے قتل کی مرتکب ہوئی ہیں۔ کیوبا کی وزارت امور خارجہ نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام اور بد امنی کا سبب ہیں۔ فلسطینی مجاہدین کی تحریک نے بھی مدافع حرم اور سپاہ پاسدارن انقلاب کے افسر کے بیہمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامی کے خلاف صیہونیوں کے بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو ایک دہشت گرد ریاست ظاہر کرتے ہیں۔ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل ''حسین سلامی'' نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کہا، شہید صیاد خدائی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 996137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش