اسلام ٹائمز۔ دہلی کی ایک عدالت نے یاسین ملک کو عسکریت کی فنڈنگ کے معاملے میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے ایک دن بعد، تہاڑ جیل کے حکام نے جمعرات کو کہا کہ علیحدگی پسند رہنما کو سخت سکیورٹی کے درمیان ایک علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ جیل کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر، ملک کو جیل میں کوئی کام نہیں سونپا جا سکتا ہے۔ انہیں سخت سکیورٹی میں جیل نمبر سات کے الگ سیل میں رکھا گیا ہے۔ اُن کی سکیورٹی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی اور وقتاً فوقتاً اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ جیل حکام نے بتایا کہ ملک بھی کسی پیرول یا فرلو کا حقدار نہیں ہوگا کیونکہ وہ عسکری فنڈنگ کے معاملے میں سزا یافتہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمر قید کی سزا سنائے جانے سے قبل بھی ملک کو الگ سیل میں رکھا گیا تھا جہاں وہ جیل نمبر سات میں اکیلے رہے تھے۔ واضح رہے کہ دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز ملک کو عسکری مالی معاونت کے ایک مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی۔ اسی دوران عدالت نے کہا کہ ملک کے ذریعے کئے گئے جرائم ملکی سالمیت کو متاثر کرتے ہیں اور ان کا مقصد جموں و کشمیر کو زبردستی یونین آف انڈیا سے الگ کرنا تھا۔ خصوصی جج پروین سنگھ نے ملک کو انسداد دہشتگردی کے سخت قانون غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) اور آئی پی سی کے تحت جرائم کے لئے مختلف قید کی سزا سنائی، جس نے سزائے موت کے لئے این آئی اے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ کے مطابق عمر قید کا مطلب آخری سانس تک قید ہے، جب تک کہ حکام سزا میں کمی نہ کر دیں۔