QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں آہ و فغاں ایک معمول سا بن گیا ہے، محبوبہ مفتی

26 May 2022 21:47

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر نے کہا کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں حالات نارمل ہونے کے دعوے تو کر رہی ہے لیکن یہاں زمینی حالات اسکے برعکس ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں آہ و فغاں اور ماتم کرنا اب ایک معمول سا بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں حالات نارمل ہونے کے دعوے تو کر رہی ہے لیکن یہاں زمینی حالات اس کے برعکس ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں گذشتہ شام ایک ٹی وی فنکارہ کی بندوق براداروں کے ہاتھوں ہلاکت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیر میں ماتم کرنا اب ایک معمول اور روز مرہ کی رسم بن گیا ہے بے شمار عام شہریوں کا ایک یا دوسرے بہانے پر قتل کیا جا رہا ہے۔
 
ان کا ٹویٹ میں سوالیہ انداز میں کہنا تھا کہ یہ خونریزی روکنے کے لئے بھارتی حکومت کو جموں و کشمیر کے متعلق اپنی پالیسی دوبارہ ترتیب دینے میں کیا حرج ہے۔ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں حالات نارمل ہونے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے جب کہ ایسے بھیانک واقعات دوسری تصویر پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں امبرین بٹ کے اہلخانہ کے غم میں شریک ہوں اور ان کے بھتیجے کی جلد صحتیابی کے لئے دست بدعا ہوں۔


خبر کا کوڈ: 996218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996218/مقبوضہ-کشمیر-میں-ا-ہ-فغاں-ایک-معمول-سا-بن-گیا-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org