QR CodeQR Code

شاہراہ بلتستان کی مستقل بحالی یقینی بنائی جائے، فدا محمد ناشاد

26 May 2022 22:03

سابق سپیکر جی بی اسمبلی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ جس طرح ہنزہ میں سیلاب سے متاثرہ حسن آباد پل کو فوری بنیادوں پر بحال کرنے کے لئے چیرمین NHA نے فوری توجہ دی اسی طرح اس اہم شاہراہ بلتستان کی مستقل بحالی کو بھی نیشنل ہائی وئے اتھارٹی کے حکام نظر انداز نہیں کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے شاہراہ بلتستان ملوپا کے مقام پر بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور راک سلائیڈنگ کے سبب بند ہو کر اس پر سفر کرنے والے مسافروں اور خاص طور پر ملکی اور غیر ملکی مہمانوں اور سیاحوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مالوپا اور دیگر ایسے مقامات پر فوری طور پر سلائیڈ پروٹیکشن شیلٹرز تعمیر کئے جائیں۔ تاکہ بلتستان کے چار اضلاع سمیت کرگل سیکٹر اور سیاچن سیکٹر تک سامان رسد پہنچانے کی واحد علاقائی اور دفاعی اعتبار سے حساس شاہراہ کو ہر قسم کے سفر کے لئے محفوظ بنایا جا سکے۔

حاجی ناشاد نے امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح ہنزہ میں سیلاب سے متاثرہ حسن آباد پل کو فوری بنیادوں پر بحال کرنے کے لئے چیرمین NHA نے فوری توجہ دی اسی طرح اس اہم شاہراہ بلتستان کی مستقل بحالی کو بھی نیشنل ہائی وئے اتھارٹی کے حکام نظر انداز نہیں کریں گے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے منتخب نمائندوں اور صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے فوری توجہ مبذول کیا جائے۔ تاکہ اس سیاحتی موسم میں بلتستان آنے والے مہمانوں کے سفر کو محفوظ بنایا جا سکے اور کرگل و سیاچن سیکٹر میں دفاع وطن کو یقینی بنایا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 996231

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996231/شاہراہ-بلتستان-کی-مستقل-بحالی-یقینی-بنائی-جائے-فدا-محمد-ناشاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org