QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کا احتجاج، علی زیدی سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات درج

26 May 2022 22:44

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حکومت کیخلاف نعرے بازی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ بھی کی گئی، پولیس موبائل اور پولیس وین کو آگ بھی لگائی گئی جبکہ کئی گاڑیوں سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے نمائش پر احتجاج کے معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اورکارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے دو مقدمات درج کرلئے گئے، مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی، بلال غفار، خرم شیر زمان، ارسلان تاج کو نامزد کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نمائش چورنگی پر احتجاج کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور گرفتار کارکنان کیخلاف 2 مقدمات درج کرلئے گئے۔ مقدمات سولجر بازار تھانے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہوئے، جس میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی، بلال غفار، خرم شیر زمان، ارسلان تاج، محمدعلی جی جی، جمال صدیقی، فردوس شمیم، محسن علی، اشرف علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں اقدام قتل، پولیس مقابلہ، جلاو گھیراو اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا پی ٹی آئی کارکنان مختلف مقامات سےنمائش چورنگی پر جمع ہو رہے تھے، دھرنے میں شرکا کی تعداد تقریباً 700 کے قریب تھی، اعلیٰ نامزد افراد کے اکسانے پردہشت گردی پھیلاتے ہوئے روڈ بلاک کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا ہے کہ حکومت کیخلاف نعرے بازی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ بھی کی گئی، پولیس موبائل اور پولیس وین کو آگ بھی لگائی گئی جبکہ کئی گاڑیوں سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔


خبر کا کوڈ: 996237

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996237/پی-ٹی-آئی-کا-احتجاج-علی-زیدی-سمیت-دیگر-رہنماؤں-کیخلاف-دہشت-گردی-کے-مقدمات-درج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org