QR CodeQR Code

تحریک آزادی کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مصطفیٰ کمال

26 May 2022 23:22

کشمیروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر اٹھانے اور کشمیریوں کو انکا حق دلوانے کے لئے موثر اقدامات کرے، اگر کشمیر کی خاطر جنگ ناگزیر ہوجائے تو اس سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انتہا پسند اور فاشسٹ بھارت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت پچھلے 70 سال سے کشمیری عوام پر ہر طرح کا ظلم یہ سوچ کر آزما چکا کہ کشمیریوں سے آزادی کی امید چھن جائے لیکن اس جبر مسلسل کے باوجود بھارت ناکام ہے اور رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کشمیروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے اہم ستون یسین ملک کو جھوٹے اور بوگس مقدمے میں عمر قید کی سزا دے کر کشمیریوں کے آزادی کیلئے اٹھنے والے سروں کو کچلنے کی ناصرف سازش کا حصہ ہے بلکہ کشمیروں کا حوصلہ پست کرنے کا سوچا سمجھا پلان ہے لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارت کشمیریوں سے منہ کی کھائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور ادارے بھارت کی اس بربریت کے سامنے صرف اس لئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کہ بھارت عالمی طاقتوں کے لئے منڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لئے بھارت کو بربریت اور انصاف کا قتل کرنے کی کھلی آزادی دے دی گئی ہے، اقوامِ متحدہ کی مجرمانہ خاموشی سے ظالم بھارت کے حوصلے بلند ہورہے ہیں، اقوام متحدہ ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ کشمیر کا ہے لیکن اس کی جانب سے اپنی ہی قراردادوں پر کوئی توجہ نہیں، پاک سر زمین پارٹی نے کشمیر کی جنگ کراچی میں لڑی ہے، جب جب تحریک آزادی کشمیر زور پکڑتی تھی تب تب بھارت کراچی میں خون کی ہولی کھیلتا تھا تاکہ دنیا کی توجہ بھارتی مظالم پر نہیں بلکہ کراچی کی خونریزی کی جانب مبذول رہے۔


خبر کا کوڈ: 996245

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996245/تحریک-آزادی-کشمیر-میں-اپنے-کشمیری-بھائیوں-کے-ساتھ-کھڑے-ہیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org