QR CodeQR Code

عمران خان نے ملک میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو فروغ دیا ہے، شازیہ مری

26 May 2022 23:34

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت نے کہا کہ عمران خان کی قانون، آئین اور ریاستی اداروں کی بے توقیری کے عمل نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، کسی بھی ریاست یا معاشرے کے لئے احتجاج کے نام پر تشدد کے واقعات قابل قبول نہیں ہو سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیربرائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملک کے اندر گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو فروغ دیا ہے، عمران نیازی لوگوں کو اکسانے اور انہیں قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی ترغیب دینے کا بھی ذمہ دار ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قانون، آئین اور ریاستی اداروں کی بے توقیری کے عمل نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، کسی بھی ریاست یا معاشرے کے لئے احتجاج کے نام پر تشدد کے واقعات قابل قبول نہیں ہو سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کارکنان کی تشدد کے واقعات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، عمران احمد نیازی ایک گھمنڈی اور ضدی شخص ہے، جو اپنی انا کی تسکین اور ایک بار پھر کرسی کی خاطر اپنی جماعت کے کارکنان کو قانون توڑنے پر اکسا رہا ہے جبکہ اس شخص کی اپنی اولاد پرسکون ماحول میں عیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی اولاد ایک مغربی ملک میں مقیم ہے اور یہ خود ہمارے بچوں کو میسر ماحول خراب کرنے پر تلا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 996250

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996250/عمران-خان-نے-ملک-میں-گالم-گلوچ-اور-تشدد-کے-کلچر-کو-فروغ-دیا-ہے-شازیہ-مری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org