QR CodeQR Code

انتخابات ملک میں تبدیلی کا ذریعہ ہیں، جماعت اسلامی

27 May 2022 09:41

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان اس لئے بنا تھا کہ یہاں پر قرآن و سنت کا نفاذ ہوگا، مگر 75 سال کے بعد آج سود کو حرام قرار دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابات ملک میں تبدیلی کا ذریعہ ہیں، جماعت اسلامی نہ صرف سود بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے، ہمارے انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد اور جدوجہد کا مرکز و محور صرف سیٹیں حاصل کرنا نہیں، بلکہ فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے اسلامی نظام کا نفاذ ہے، برادر تنظیمات بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ہراول دستے کا کردار ادا کریں، اس جدوجہد میں تمام کارکنان کو ایثار و قربانی کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ، آئندہ کی منصوبہ بندی اور بلدیاتی انتخابات میں تیاری و حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی نائب امیر و ناظم انتخابات ممتاز حسین سہتو ،نائب قیم مولانا آفتاب ملک، محمد مسلم اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور برادر تنظیمات کے صوبائی قائدین شریک تھے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پاکستان اس لئے بنا تھا کہ یہاں پر قرآن و سنت کا نفاذ ہوگا، مگر 75 سال کے بعد آج سود کو حرام قرار دیا گیا ہے، اس لئے ہم نہ صرف سود بلکہ پورے اجتماعی نظام کو تبدیل کرکے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل یعنی اسلامی نظام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 996316

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996316/انتخابات-ملک-میں-تبدیلی-کا-ذریعہ-ہیں-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org