0
Friday 27 May 2022 15:48

کوئٹہ، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

کوئٹہ، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد  کوئٹہ میں ہوا۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔32  اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے حساس اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مضبوط روابط قائم رکھیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے سکیورٹی، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ اس کے علاوہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پورے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات بھی جاری کئے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ سیاسی قیادت اور انتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے آنے والے انتخابات کے پرامن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود مختلف اضلاع کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 996340
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش