0
Friday 27 May 2022 22:42

حکومت استعماری طاقتوں کی خوشنودی کیلئے عوام کا معاشی قتل عام بند کرے، پروفیسر ابراہیم خان

حکومت استعماری طاقتوں کی خوشنودی کیلئے عوام کا معاشی قتل عام بند کرے، پروفیسر ابراہیم خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات، آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی جانب سے غریب عوام پر ظلم ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پِس رہی ہے، ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافے سے ان پر مزید بوجھ پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اگر موجودہ حکومت نے بھی سابقہ حکومت کی راہ پر چلتے ہوئے مہنگائی کرنی تھی تو حکومت کے حصول کے لئے اوتاولے کیوں ہورہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بدترین مہنگائی کی، رہی سہی کسر مخلوط حکومت نے پوری کردی۔ حکمران عوام پر رحم کریں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کبھی بھی پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ اس فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے۔

پروفیسر ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی وطن عزیز کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے نجات دلائے گی، عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ سابقہ و موجودہ حکمران عوام کے لئے زندگی گزارنا مشکل سے مشکل تر بنا رہے ہیں۔ عالمی شیطانوں کے احکامات پر پٹرول، بجلی، آٹا اور دیگر ضروریات زندگی کے نرخ مقرر کرنے والے ملک و قوم کے دشمن  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ڈالر کا ریٹ مسلسل بڑھ رہا ہے، دوسری طرف پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی، آٹا اور ضروت کی دیگر چیزوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ غریب عوام ایک جھٹکے سے سنبھلے نہیں ہوتے کہ انہیں مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، استعماری طاقتوں کی خوشنودی کے لئے مہنگائی کی صورت میں عوام کا معاشی کا قتل عام بند کردے۔ جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرے گی اور اس ملک کو خوشحال، اسلامی، فلاحی اور خوشحال پاکستان بنائے گی۔
خبر کا کوڈ : 996397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش