0
Friday 27 May 2022 23:14

پرچم مارچ کے ممکنہ انعقاد پر عرب پارلیمنٹ نے وارننگ جاری کر دی

پرچم مارچ کے ممکنہ انعقاد پر عرب پارلیمنٹ نے وارننگ جاری کر دی
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقبوضہ فلسطین میں شدت پسند یہودی آبادکار اتوار کے روز پرچم مارچ منعقد کرتے ہیں تو اس کے انتہائی سنگین اور خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیانیے میں کہا گیا ہے کہ اس مارچ کا انعقاد خطے میں عدم استحکام پیدا ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔ بیانیے میں شدت پسند یہودی آبادکاروں کی جانب سے پرچم مارچ کے انعقاد کو فلسطینی قوم اور عرب اور اسلامی دنیا کے خلاف ایک اشتعال انگیز اقدام قرار دیا گیا ہے۔ بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "یہودی آبادکاروں نے مسجد الاقصی پر جارحیت، تلمودی تقریبات کے انعقاد اور پرچم مارچ کے بارے میں جو اعلان کیا ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے اسلامی مقدسات کی توہین سمجھتے ہیں۔"
 
عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیانیے میں مزید آیا ہے: "قدس شریف میں مقامی فلسطینیوں کے گھر مسمار کرنے، مقامی افراد کو جلاوطن کرنے، انہیں گرفتار کرنے اور مسجد اقصی پر جارحیت کرنے جیسے انجام پانے والے اقدامات کا مقصد شدت پسندی اور عدم استحکام کو فروغ دینا ہے اور یہ اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف ہے۔" عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شدت پسند یہودی آبادکاروں کے اشتعال انگیز اقدامات کو روکنے کیلئے موثر اقدامات انجام دیں اور انہیں خطے کے امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت مت دیں۔ دوسری طرف صہیونی وزیراعظم نیفتلی بینت کے دفتر نے آج جمعہ 27 مئی کے دن اعلان کیا ہے کہ پرچم مارچ اتوار کے دن منعقد ہو گا اور اس کے پروگرام میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 996404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش