QR CodeQR Code

پاکستان چاہے تو 6 ماہ میں گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرسکتا ہے، رضا ناظری

28 May 2022 10:00

لاہور میں تاجر رہنماوں اور کاروباری شخصیات سے خطاب میں ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ہم مقامی کرنسی میں باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، پاکستان چاہے تو ایران توانائی کے شعبہ میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پاک ایران تجارتی تعلقات کے فروغ میں لاہور چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو بھی سراہا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں تعینات ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہے تو چھ ماہ میں گیس پائپ لائن مکمل کرکے اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔ لاہور میں تاجر رہنماوں اور کاروباری شخصیات سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم مقامی کرنسی میں باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہے تو ایران توانائی کے شعبہ میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پاک ایران تجارتی تعلقات کے فروغ میں لاہور چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، لہذا ان تعلقات کا عکس تجارتی حجم میں بھی نظر آنا چاہیئے۔
 
ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے کہا کہ اس وقت ایران اور پاکستان کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے، ہم اس تجارت کا حجم مزید بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک نے ڈالر کو خیر باد کہہ دیا ہے اور وہ مقامی کرنسی میں تجارت کر رہے ہیں، ہم پاکستان کیساتھ بھی تجارت بڑھا کر معیشت کو مضبوط کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ایران کیساتھ تجارت کیلئے ادائیگیوں کا مناسب میکانزم بنا دے تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، اسے باہمی تجارت کو خودبخود فروغ مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کرنسی میں لین دین سے مقامی معیشت مضبوط ہوگی، وقت آگیا ہے کہ ڈالر سے جان چھڑوا لی جائے۔


خبر کا کوڈ: 996459

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/996459/پاکستان-چاہے-6-ماہ-میں-گیس-پائپ-لائن-منصوبہ-مکمل-کرسکتا-ہے-رضا-ناظری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org