0
Saturday 28 May 2022 12:06

وزارت داخلہ کا اسلام آباد میں جلسے، جلوسوں پر مستقل پابندی لگانے کا فیصلہ

وزارت داخلہ کا اسلام آباد میں جلسے، جلوسوں پر مستقل پابندی لگانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فتنہ، فساد اور شر پھیلانے والے جلسے، جلوسوں کے داخلے پر مستقل پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے زیر صدارت پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سمیت امن وامان کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے 25 مئی کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شامل شرپسند عناصر کی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں، پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور گاڑیوں سے برآمد اسلحہ کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اسلام آباد کی انتظامیہ مارچ کا راستہ روکنے کیلئے مزید موثر اقدامات کرے، جبکہ ریاست کی طرف سے امن و امان کو ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنانے، اسلام آباد میں جلسے جلوسوں کو انتظامیہ کیساتھ تحریری معاہدوں کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا فسادی جتھے اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں ملک کو یرغمال بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، مستقبل میں کسی بھی فسادی لانگ مارچ یا جلوس کو دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی، فسادی جتھوں کے ہاتھوں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شہریوں کے جان و مال کی ذمہ داری ریاست کی ہے، ریاستی ادارے امن و امان کو ہرصورت یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 996483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش