1
Saturday 28 May 2022 21:37

لاہور سے لاپتہ ہونیوالے صحافی زاہد عباس کو سی ٹی ڈی نے مبینہ دہشتگردوں کی فہرست میں ڈال دیا

لاہور سے لاپتہ ہونیوالے صحافی زاہد عباس کو سی ٹی ڈی نے مبینہ دہشتگردوں کی فہرست میں ڈال دیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور سے لاپتہ ہونیوالے صحافی زاہد عباس ملک سمیت دیگر تین افراد کو سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کی فہرست میں ڈال دیا۔ ترجمان نے گرفتاری کا اعتراف کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے صوبے بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ 29 آپریشن کئے، جن میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار ہونیوالوں میں تحریک طالبان کے غازی فورس گروپ کے احسان اللہ المعروف حکیم اللہ ولد رحمت گل، تحریک طالبان غازی فورس کے ہی افتخار خان ولد سلیم خان، کالعدم تحریک طالبان کے اورنگزیب خان ولد خائستہ خان، تحریک طالبان عصمت اللہ معاویہ گروپ کے ارکان شامل ہیں، جبکہ لاہور سے لاپتہ ہونیوالے شیعہ افراد کو سی ٹی ڈی نے سپاہ محمد پاکستان کا کارکن ظاہر کرکے ان کی گرفتاری ظاہر کر دی ہے۔

لاپتہ ہونیوالے شیعہ افراد میں لاہور کے سینیئر صحافی زاہد عباس ملک والد غلام حسین کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد میں وجاہت عباس ولد غلام شبیر، محبت حسین ولد اقبال حسین اور توقیر حسین ولد محمد رمضان شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان کے مذکورہ گرفتار افراد سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے گرفتار  دہشتگردوں سے ایک آئی ای ڈی بم، ایک میچ باکس، دو دستی بم، ایک پستول تیس بور اور پانچ گولیاں، ایک پستول نائن ایم ایم بریٹا، ممنوعہ مواد، دو یو ایس بیز، تین میموری کارڈز اور نواسی ہزار تین سو نوے روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔

دوسری جانب زاہد عباس ملک کے کزن اور ان کے مقدمہ کے مدعی عامر رضا نے "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زاہد عباس ملک سینیئر صحافی اور محب وطن شہری ہیں۔ ان کا کبھی بھی کسی کالعدم تنظیم کیساتھ کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ سی ٹی ڈی نے بلاجواز ہی انہیں کالعدم جماعت کیساتھ نتھی کر دیا۔ عامر رضا کے مطابق زاہد عباس ملک کا کبھی بھی کالعدم سپاہ محمد کیساتھ کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سی ٹی ڈی نے رات کے اندھیرے میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرکے انہیں غائب کیا اور اب انہیں دہشتگردوں کیساتھ نتھی کرنے کی مذموم اور ناکام کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ روز بعد سی ٹی ڈی نے ان کی گرفتاری ظاہر کی ہے، ہم نے یہ سولہ دن کیسے گزارے ہیں، یہ ہم ہی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ سی ٹی ڈی والے اصل دہشتگردوں کو تو پکڑ نہیں سکتے اور شریف شہریوں کو غائب کرکے اپنی کارکردگی کا ڈرامہ رچا دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 996548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش