0
Saturday 28 May 2022 21:52

یاسین ملک کو عمر قید کا بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ ہے، علامہ ساجد نقوی

یاسین ملک کو عمر قید کا بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے دی جانے والی سزا کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ و جابرانہ ہے، کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا ہے، اس لئے جموں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو بھارتی انتظامیہ کا گرفتار کرنا اور عدالتوں سے سزا دلوانے کا کوئی جواز و حق نہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس قسم کے بھارتی عدالتی فیصلوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، حکومت پاکستان سزا ختم کرانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے اور عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماﺅں کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنانے کے لیے عدلیہ کا استعمال کیا۔ بھارت اپنی عدالتوں کا استعمال کرکے کشمیری رہنماﺅں کو اپنی جائز جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لئے ان کی رہائی میں کردار ادا کرے۔ آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کشمیر ی حریت پسندوں کو قید و بند میں ڈالنے سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 996549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش