0
Sunday 29 May 2022 01:19

بجٹ 10 جون کو پیش ہونے کا امکان، 1155 ارب کے اضافی ٹیکس کی تجویز

بجٹ 10 جون کو پیش ہونے کا امکان، 1155 ارب کے اضافی ٹیکس کی تجویز
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 12994 ارب روپ کے مجموعی اخراجات پر مشتمل آئندہ مالی سال 2022-23 کا وفاقی بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ معاشی شرح نمو سمیت اہم معاشی اہداف طے کرنے کے لیے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی سی) کا اجلاس چار جون کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں سالانہ ترقیاتی منصوبے اور پی ایس ڈی پی کی منظوری دی جائے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 23-2022ء کے وفاقی بجٹ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں اور بجٹ سازی کی تجاویز کو فائنل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے معاشی اہداف طے کرنے کے لیے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی سی) کا اجلاس چار جون کو بلانے کی تجویز ہے، جس میں معاشی شرح نمو سمیت اہم معاشی اہداف کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں اگلے سال وفاقی ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اگلے مالی سال کے لیے جی ڈی پی گروتھ کے ہدف کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ مہنگائی، برآمدات، درآمدات، ترسیلات زر کے اہداف بھی اسی اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کے لیے اہداف مقرر کیے جائیں گے جبکہ سرمایہ کاری، قومی بچت سمیت دیگر اہداف کا بھی تعین کیا جائے گا، سالانہ پلان رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے 1155 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے ایف بی آر کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 7255 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس میں کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 843 ارب روپے کی وصولی کا ہدف اور ترقیاتی پروگرام کے لیے 700 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، دفاع کی مد میں 1586 ارب روپے خرچ کیے جانے کی تجویز ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران قرض اور قرض پر سود کی ادائیگیوں کی مد میں 3523 ارب روپے ادا کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات کا تخمینہ 12994 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 996587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش