0
Tuesday 20 Sep 2011 09:54

انتخابی فہرستوں کی تصدیق فراڈ ہے، الیکشن کمیشن اور نادرا دہشت گرد تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، منور حسن

انتخابی فہرستوں کی تصدیق فراڈ ہے، الیکشن کمیشن اور نادرا دہشت گرد تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق میں تاخیری حربوں سے بوگس ووٹنگ کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، انتخابی فہرستوں کی تیاری کے عمل کو ایک دہشت گرد جماعت نے ہائی جیک کر لیا ہے، کراچی میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا عمل سراسر فراڈ ہے، جس میں الیکشن کمیشن خود ملوث ہے۔ منصورہ سے جاری کردہ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کی پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار سید منور حسن نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے عہدیداروں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا کا عملہ ایک دہشت گرد جماعت کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ اس صورتحال میں شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کسی طور ممکن نہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ووٹر لسٹوں کی تیاری اور تصدیق کے عمل کو مکمل طور پر شفاف نہ بنایا گیا تو ان پر ہونے والے انتخابات پر کوئی اعتبار نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح ایک بار پھر بوگس ووٹر لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں جن کی وجہ سے پورا انتخابی عمل اور مینڈیٹ بوگس ہو جائے گا اور اس کے نتیجے میں جو لوگ منتخب ہو کر آئیں گے وہ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اس کی تصدیق کے عمل پر جو لوگ مامور ہیں انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ متعدد مقامات پر اساتذہ سے یہ ذمہ داریاں واپس لیکر پارٹی کارکنوں کو یہ کام سونپ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنا عوام کے ووٹ کی توہین ہے، جو لوگ جمہوریت کا نعرہ لگاتے ہیں انہیں جمہوری عمل اور قدروں کی پامالی کا نوٹس لینا چاہئے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے جو درست انتخابی فہرستوں کی تیاری میں حائل ہیں۔ علاوہ ازیں سید منور حسن کو بتایا گیا کہ حال ہی میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس سے ہزاروں کی تعداد میں نادرا کے جاری کردہ جعلی شناختی کارڈز برآمد کیئے ہیں، جو جماعت اسلامی کے اس الزام کی تصدیق ہے کہ کراچی کی ہر یونین کونسل میں ساڑھے تین تا چار ہزار جعلی ووٹوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 99916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش