0
Tuesday 9 Aug 2022 22:50

کوئٹہ میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی

ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی دس محرم الحرام یوم عاشورہ کے دن شہادت سبط پیغمبر امام حسین علیہ السلام کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر کے ماتمی دستوں نے عزاداری کے لئے مرکزی جلوس میں شرکت کی۔ عزاداروں نے مختلف مقدس مقامات کی شبیہ بھی بنائی تھیں، جنہیں مرکزی جلوس میں لایا گیا۔ جلوس میں شریک ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور ماتمداری کرتے ہوئے شہدائے کربلاء سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی نے امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں دین اسلام کی بقاء کی وجہ قرار دیا۔ علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی نے بھی یوم عاشور کے مرکزی جلوس سے خطاب کیا۔ انہوں نے تاریخی اور اسلامی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے عزاداری اور نماز کی اہمیت سے متعلق گفتگو کی اور جوانوں کو صف ماتم میں نماز کو بھی فروغ دینے کی نصیحت کی۔

یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے بھی طبی معائنہ اور مفت علاج کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں ایف سی کی میڈیکل ٹیم نے عزاداروں کا معائنہ کیا اور انہیں ایف سی کی جانب سے مختلف ادویات فراہم کی گئیں۔ مرکزی نماز باجماعت کا اہتمام کوئٹہ کی اہم شاہراہ میزان چوک پر، جبکہ اس کے علاوہ بھی متعدد مقامات پر عزاداروں کیلئے باجماعت نماز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جن میں عزاداروں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ مرکزی نماز باجماعت کی امامت علامہ محمد کاظم بہجتی نے کی، جبکہ دیگر مقامات پر علامہ علی حسنین حسینی اور علامہ یوسف عابدی نے امامت کی۔ اس موقع پر عزاداروں کیلئے میڈیکل کیمپس، سبیلوں اور سہولتی مراکز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1008361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش