QR CodeQR Code

مولانا ہلال ملک کا کربلا کے آفاقی پیغام پر خصوصی ویڈیو انٹرویو

14 Aug 2022 09:24

جموں و کشمیر رحمۃ للعالمین فاؤنڈیشن کے سینیئر رہنماء کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ دنیا بھر کے یزیدی اب آخری سانسیں لے رہے ہیں، دنیا بھر کے لوگ اب آگاہ و بیدار ہو رہے ہیں۔ یہ دور حسینیت کا دور ہے۔


مولانا ہلال احمد ملک کا  تعلق مقبوضہ کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام سے ہے۔ مختلف دینی محاذوں پر دین اسلام کی تبلیغ و ترویج میں مصروف ہیں۔ مولانا ہلال ملک تحصیل بیروہ کے آروہ میں امام جمعہ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ آپ جموں و کشمیر رحمۃ اللعالمین فاؤنڈیشن کے سینیئر رہنماء کی حیثیت سے فعال ہیں۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے مولانا ہلال احمد ملک کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی نجات کا متلاشی و متمنی ہے تو اسے چاہیئے کہ اہل بیت اطہار کا دامن تھام لے۔ اہلبیت اطہار سے دور رہ کر نجات پانا ہرگز ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فقط مکاتب ہیں اور امام حسین (ع) فکر ہیں۔ امام حسین (ع) کی اتباع کی جائے گی تو مکاتب، مکاتب فکر بن جائیں گے۔ مولانا ہلال ملک کا کہنا تھا کہ قرآن کریم تھیوری ہے اور اہلبیت اطہار اسکے پریکٹکل ہیں۔ امام حسین (ع) نے کربلا کے میدان میں اپنے اہل و عیال کی قربانی پیش کرکے قرآن کریم کی عملی تفسیر پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بس انسان کو بیدار ہونے کی دیر ہے، تمام اقوام یہی پکاریں گی کہ حسین (ع) ہمارے ہیں۔

مولانا ہلال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے یزیدی اب آخری سانسیں لے رہے ہیں، دنیا بھر کے لوگ اب آگاہ و بیدار ہو رہے ہیں۔ یہ دور حسینیت کا دور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہر ایک ذی شعور چاہتا ہے کہ خیمہ حسینی (ع) میں داخل ہو جائے اور حسین (ع) نے اپنے چاہنے والوں کا انتخاب چودہ سو سال قبل ہی کیا ہوا ہے۔ مولانا ہلال ملک کا کہنا تھا کہ ہم حسین (ع) کا ذکر کریں گے تو اس میں امام عالی مقام کی کوئی منزلت و عظمت بلند نہیں ہوگی، بلکہ اس سے ہمارا مقام اونچا و بالا ہو جائے گا، امام علیہ السلام تو بلند و بالا پہلے سے ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی سیرت پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہمارے مسائل و آلام کا حل مضمر ہے۔ وحدت اسلامی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مولانا ہلال احمد ملک کا تفصیلی ویڈیو انٹرویو پیش خدمت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1008837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/1008837/مولانا-ہلال-ملک-کا-کربلا-کے-ا-فاقی-پیغام-پر-خصوصی-ویڈیو-انٹرویو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org