QR CodeQR Code

کوئٹہ، اربعین شہدائے کربلا کے جلوس کی ویڈیو رپورٹ

18 Sep 2022 15:17

اسلام ٹائمز: چہلم شہدائے کربلا کی مناسبت پر جلوس اربعین علمدار روڈ کے امام بارگاہ سید آباد سے برآمد ہوا۔ جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے ماتمداری اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو پرسہ دیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے۔


رپورٹ: اعجاز علی

ملک بھر کی طرح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی چہلم شہدائے کربلاء کی مناسبت پر جلوس اربعین برآمد ہوا۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے مات مداری اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلاء کو پرسہ دیا۔ کوئٹہ کے علاقہ علمدار روڈ سے برآمد ہونے والے جلوس عزاء میں سیدالشہداء کی سواری ذوالجناح کی شبیہ بھی تیار کی گئی تھی۔ جسے شہید کربلاء کی یاد میں جلوس اربعین میں لیا گیا تھا۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ننے عزاداروں نے کربلاء کے باوفا علم بردار حضرت عباس علمدارؑ کی یاد میں علم کے ساتھ جلوس میں شرکت کی۔ علمدار روڈ میں واقع امام بارگاہ سید آباد سے برآمد ہونے والے جلوس میں 32 ماتمی دستوں نے شرکت کی۔ جس میں ماتمی دستوں کے نوحہ خوانوں نے شہداء کربلاء اور اسیران شام سے منسوب نوحے پڑھے، جس پر عزاداروں نے ماتم داری کی۔ کوئٹہ کے ماتمی دستوں نے مقامی اور قومی زبانوں میں نوحے پڑھ کر بی بی زینب سلام اللہ علیہا، امام چہارم حضرت سجاد علیہ اسلام اور دیگر اسیران کربلاء کو بھی پرسہ دیا۔ مقامی نوحوں میں کربلاء کے مصائب کا تذکرہ کیا گیا، جبکہ بعض نوحہ خوانوں نے واقعہ کربلاء کے دلسوز مناظر کی منظر کشی کی۔
 
علمدار روڈ کے مرکزی جلوس ظہر کے وقت جلوس عزاء کو روک کر نماز باجماعت کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا اہتمام مسجد خاتم الانبیاء کے رضاکاروں نے کیا۔ نماز ظہرین کی امامت کوئٹہ کے جید عالم دین علامہ حاجی محمد موسیٰ حسینی نے کی۔ نماز باجماعت میں دیگر علمائے دین کے ساتھ ساتھ عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جن میں مردوں سمیت خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ نماز ظہرین کے فوراً بعد مسجد خاتم الانبیاء کی جانب سے اربعین کی مجلس عزاء کا آغاز کیا گیا۔ جس میں کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے عزاداروں سے خطاب کیا اور انہیں کربلاء اور بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے پیغام سے آشنا کیا۔ زیارب اربعین کے کلمات سے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے علامہ علی حسنین حسینی نے عزاداروں کو زیارت اربعین کے اصل مقصد کے بارے میں آگاہی دی۔ انہوں نے شہداء اور اسیران کربلاء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام معاشرے کی فلاح کی خاطر میدان کربلاء میں آئے تھے، عزاداروں کی بھی یہی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھی امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو سمجھتے ہوئے معاشرے کی فلاح اور بہبود کے لئے قدم اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کی تعداد بے انتہاء ہے، اگر عزادار برائی کے خلاف اقدامات اٹھانا شروع کردے تو برائی کا خاتمہ ممکن ہے۔ جلوس اربعین کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت اور موثر انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کی سکیورٹی کی خاطر موبائل سگنلز بند کر دیئے گئے تھے جبکہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد عزاداروں کی حفاظت پر تعئینات تھی۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی اور سکیورٹی انچارج محمد قاسم بھی جلوس میں سکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کر رہے تھے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ عبدالحق عمرانی اور بلوچستان پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیداران خود بھی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے جلوس اربعین میں موجود تھے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے حاجی محمد جواد رفیعی نے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1014908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/1014908/کوئٹہ-اربعین-شہدائے-کربلا-کے-جلوس-کی-ویڈیو-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org