1
Friday 30 Sep 2022 22:48
پاکستانی حکمران امریکا کے غلام ہیں اسی لئے پاکستانیوں کے اسرائیل جانے پر خاموش ہیں

پاکستانی وفد کا دورہ اسرائیل، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کا خصوصی انٹرویو

پاکستانی عوام متفق ہیں کہ ناجائز اسرائیلی صہیونی حکومت ختم و فلسطین کو آزاد ہونا چاہیئے
متعلقہ فائیلیںجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ وہ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر بھی ہیں، پاکستان خصوصاََ کراچی و سندھ بھر میں انکی اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے کوششوں کو ہر حلقے میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ وہ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ نے پاکستانی وفود کے مسلسل اسرائیلی دورہ جات و دیگر متعلقہ موضوعات کی مناسبت سے مسجد قباء کراچی میں قائم جماعت اسلامی سندھ کے آفس میں محترم اسداللہ بھٹو کا خصوصی انٹرویو لیا، جو پیش خدمت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کا ”اسلام ٹائمز“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی عوام مرد و خواتین، بچے بزرگ، شیعہ سنی، بریلوی دیوبندی، اہلحدیث اس بات پر متفق ہیں کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض اسرائیلی صہیونی حکومت ناجائز و غاضب حکومت ہے، جس کا خاتمہ ہونا چاہیئے، مقبوضہ فلسطین آزاد ہونا چاہیئے، اپنی سرزمین سے جبری بے دخل فلسطینیوں کی واپسی ہونی چاہیئے، دیگر ممالک سے آنے والے یہودیوں کو واپس اپنے اپنے ممالک جانا چاہیئے، امریکا اور عالم مغرب چاہتے ہیں کہ اسرائیل کے خلاف نفرت کم ہو، پاکستانی شہریوں کے وفد کا دورہ اسرائیل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، لیکن پاکستانیوں کا اسرائیل جانا بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ کے نظریات و افکار کے بھی خلاف ہے، نظریہ پاکستان کی بھی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے آئین و دستور کی بھی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے تشکیل و وجود کے بھی خلاف ہے، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے جذبات کی بھی توہین ہے، پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے سے اسرائیل کے خلاف نفرت کم نہیں بلکہ نفرت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ چاہتا ہے کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض صہیونی حکومت ختم ہونی چاہیئے، پاکستانی حکمران امریکا کے غلام ہیں، اسی لئے وہ اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے امریکی غلامی اختیار کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے پر خاموشی اختیار رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل جانے والے وفد میں پاکستانی صحافیوں کا شامل ہونا بہت بڑی سازش ہے، امت مسلمہ کا اجماع ہے کہ اسرائیل کا وجود ناجائز ہے، اسرائیل اسلام و مسلمان دشمن دہشتگرد ہے، امت مسلمہ کو چاہیئے کہ اپنے حکمرانوں کو واضح پیغام دیں کہ وہ اسرائیل کا خاتمہ چاہتے ہیں، اسرائیل سے کسی بھی قسم کی دوستی اور تعلقات نہیں چاہتے، اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں، اسرائیل کو ظالم و دہشتگرد سمجھتے ہیں، مظلوم فلسطینیوں اور تحریک آزادی فلسطین کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کیونکہ مظلوم فلسطینیوں کے پاس اسرائیل کے خلاف مسلح جدوجہد کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے، ملت پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے حمایت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ان شاءاللہ جلد اسرائیلی صہیونی حکومت کا خاتمہ ہوگا اور مقبوضہ فلسطین آزاد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1016940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش