1
Saturday 1 Apr 2023 13:02

کراچی کی سڑکوں پر بڑے پیمانے پر سحر و افطار کے اہتمام کی روایت آج بھی جاری

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس ایم عابدی

کراچی آج بھی پاکستان کا ایک ایسا شہر ہے جو اپنی تہذیب و ثقافت، اساس اور روایات کا امین اور ان سے اپنا رشتہ قائم رکھے ہوئے ہے۔ ماہ مبارک رمضان میں شہر کراچی کی سڑکوں پر روزے داروں کیلئے بڑے پیمانے پر سحری و افطار کے اہتمام کی روایت پر عملدرآمد جاری ہے، روزانہ کی بنیاد پر کراچی کی مختلف شاہراہوں و سڑکوں پر سحری و افطار کروانے کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جاتا ہے۔ ماہ مبارک رمضان میں مسلمان رحمتیں، برکتیں اور نیکیاں سمیٹنے کیلئے جہاں عبادتوں میں مصروف ہیں، وہیں کئی افراد روزے داروں کو سحری و افطار کروا کر ثواب حاصل کرنے میں پیش پیش ہیں۔ سحری و افطار کا اہتمام بلاتفریق رنگ و نسل، مکتب و مسلک کیا جاتا ہے۔ جے ڈی سی، ایم ای ایس او، کیور پاکستان ویلفیئر، سیلانی ویلفیئر اور رومان رئیس ویلفیئر سمیت دیگر فلاحی و سماجی تنظیمیں، مخیر حضرات اور کراچی کے عام شہریوں کی جانب سے مختلف سڑکوں، بس اسٹاپوں، چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر اپنی مدد آپ کے تحت دسترخوان کا اہتمام کیا جاتا ہے اور افطار کے وقت گھر نہ پہنچنے والے شہریوں اور مسافروں کو ان کی عزت نفس کا پورا پورا خیال رکھتے ہوئے روزہ افطار کرایا جاتا ہے۔ کراچی میں 2 ہزار سے زائد مقامات پر لاکھوں افراد کیلئے سحری و افطار اور کھانے کا منظم انداز میں بندوبست کیا جاتا ہے، جبکہ مساجد میں بھی اجتماعی افطاری کا بھرپور اہتمام ہوتا ہے۔ روزے دار خواتین سمیت بچوں کی بھی بڑی تعداد افطار عام میں شریک ہوتی ہے۔ کراچی کی شاہراہوں پر ان لوگوں کو جو باقاعدہ سحری و افطار یا کھانے کا اہتمام نہیں کرسکتے، سڑکوں پر اور دورانِ سفر گاڑیوں بسوں کے مسافروں کو افطار باکس، پانی اور جوس کی بوتلیں فراہم کی جاتی ہیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1048495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش