QR CodeQR Code

مشہد میں ایرانی بادشاہ نادر شاہ کا مقبرہ، پانچ صدیوں کی کہانی

26 Mar 2023 14:56

اسلام ٹائمز: نادر نے ایران کی فوج میں اصلاحات کیں اور شاندار فتوحات کے ایک سلسلے میں غلزئی افغانوں کو شکست دے کر طہماسپ کو ایرانی تخت پر بحال کیا۔ ’اس کے بعد نادر نے حملہ کیا اور عثمانی ترکوں کو شکست دی، جنہوں نے آذربائیجان اور عراق کے ملحقہ علاقوں پر قبضہ کر رکھا تھا۔


رپورٹ: نادر بلوچ

نادر شاہ کا اصل نام نادر قلی بیگ تھا۔ پیدائش 22 اکتوبر 1688، کو بھان، صفوی فارس (تب ایران کا یہ نام تھا) میں ہوئی۔ ترک افشار قبیلے سے تعلق تھا جو ایران کے صفوی شاہ کے وفادار تھے۔ انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا کے مدیر آدم زیدان کی تحقیق ہے کہ ایک مقامی سردار کے ماتحت خدمات انجام دینے کے بعد، نادر نے ڈاکوؤں کا ایک گروہ بنایا۔ 1726 میں، ڈاکوؤں کے اس گروہ کے سربراہ کے طور پر، صفوی شاہ طہماسپ دوم کی حمایت میں 5000 پیروکاروں کی قیادت کی۔ ایکسوردی نے لکھا ہے کہ فارس مایوس کن حالت میں تھا، مغلوب اور ذلت کا شکار تھا۔ دارالحکومت، اصفہان، چھ سال تک افغان حملہ آوروں کے قبضہ میں تھا، اور زیادہ تر شمالی اور مغربی صوبوں پر ترکوں اور روسیوں کا قبضہ تھا۔ زیدان کے مطابق طہماسپ تب اس تخت کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں تھے جو ان کے والد نے چار سال قبل غلزئی افغان محمود کے ہاتھوں کھو دیا تھا۔ نادر نے ایران کی فوج میں اصلاحات کیں اور شاندار فتوحات کے ایک سلسلے میں غلزئی افغانوں کو شکست دے کر طہماسپ کو ایرانی تخت پر بحال کیا۔ ’اس کے بعد نادر نے حملہ کیا اور عثمانی ترکوں کو شکست دی، جنہوں نے آذربائیجان اور عراق کے ملحقہ علاقوں پر قبضہ کر رکھا تھا۔

دریں اثنا، شاہ طہماسپ نے ترکوں پر تابڑ توڑ حملے کئے جبکہ نادر خراسان میں بغاوت سے نمٹ رہے تھے لیکن شاہ کو زبردست شکست ہوئی اور وہ ترکوں کے ساتھ ذلت آمیز شرائط پر صلح کرنے پر مجبور ہوئے۔ اس پر غصے میں آکر نادر نے طہماسپ کو معزول کرکے ان کے نوزائیدہ بیٹے کو تخت پر بٹھایا، اور خود کو نائبِ ریاست قرار دیا۔ عراق میں ترکوں کے ہاتھوں شکست کے بعد، نادر نے انہیں ایران سے مکمل طور پر نکال کر خود ہی بدلہ لیا۔ پھر روس کو جنگ کی دھمکی دے کر، اسے اپنے کیسپین صوبوں کو ایران کے حوالے کرنے پر مجبور کیا۔ 1736 میں نادر نے طہماسپ دوم کے بیٹے نوجوان عباس سوم کو معزول کردیا اور ’نادر شاہ‘ کا لقب اختیار کرتے ہوئے خود ایرانی تخت سنبھال لیا۔ سینئیر صحافی نادر بلوچ نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا ہے اس دوران انہوں نے مشہد المقدس میں نادر شاہ کے مزار کا وزٹ کیا اور وہاں پر وی لاگ کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)


خبر کا کوڈ: 1048805

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/1048805/مشہد-میں-ایرانی-بادشاہ-نادر-شاہ-کا-مقبرہ-پانچ-صدیوں-کی-کہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org