QR CodeQR Code

مستقبل کیلئے 5 نکاتی فارمولا تیار کیا گیا

پاراچنار میں مسئلہ ہلال پر مقتدر علماء کا اعلی سطحی اجلاس

28 Mar 2023 15:49

اسلام ٹائمز: آج مدرسہ رہبر معظم پاراچنار میں استاد العلماء علامہ عابد الحسینی کی صدارت میں کرم بھر کے مقتدر علماء کرام کا ایک نمائندہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مدرسہ جعفریہ، مدرسہ رہبر معظم کے اساتذہ، مجلس علماء اہلبیت کے علماء اور تحریک حسینی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں رویت ہلال کے حوالے سے سیر حاصل بحث و مباحثہ ہوا اور مسئلے کا مستقل حل نکالنے کیلئے پانچ نکاتی فارمولا پیش کیا گیا۔


رپورٹ: ایس این حسینی

مسئلہ ہلال یعنی چاند کی پہلی تاریخ کا مسئلہ پاکستان میں کافی عرصہ سے چلا آرہا ہے، جس کی بنا پر ملک میں دو بلکہ عموماً 3 عیدوں کی روایت چلی آرہی ہے۔ قاسم علی خان مسجد پشاور کے امام مفتی پوپلزئی سرکاری سطح پر کی جانے والی عید سے عموماً ایک دن قبل اعلان کرکے اس روایت کے روح رواں سمجھے جاتے ہیں، جبکہ ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن اپنی ٹیم کے ہمراہ سائنس اور طبعی رُویت کا سہارا لیکر پشاور سے کسی قسم کے کمپرومائز سے ہٹ کر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے چاند کی پہلی تاریخ ایک دن بعد قرار دیتے تھے۔ تاہم اس کے بعد جب سے یہ ذمہ داری بادشاہی مسجد لاہور کے امام مفتی عبد الخبیر آزاد کو سونپی گئی ہے، انہوں نے اپنے تئیں بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان میں ایک عید منانے میں جب کامیابی نہ پائی تو اپنے علم الیقین اور تحقیق کے باوجود شریعت کی بجائے اتحاد کو ترجیح دیتے ہوئے پشاور کے فیصلے کے سامنے ڈھیر ہوکر، 90 فیصد پاکستانیوں کی گھڑیوں کی سوئیاں آگے گھماتے ہوئے ایک دن پہلے روزہ اور عید منانے کی نئی روایت ڈال دی ہے۔

پاکستان کے اہل سنت عوام عموماً زیادہ تحقیق کے عادی نہیں ہیں۔ ان کا مسئلہ تو زیادہ تر حل ہوگیا، تاہم شیعہ عموماً اجتہاد کے تابع ہیں۔ جو اپنے مجتہد کے فتویٰ کے مطابق عمل کرنے نیز تحقیق کرنے کے عادی ہیں۔ چنانچہ یہاں شیعوں کے لئے کافی حد تک مسئلہ پیدا ہوگیا۔ کچھ عوام بلکہ علماء نے بھی ہلال کمیٹی (جس میں متعدد مقتدر شیعہ علماء بھی شامل ہیں) کے فیصلے کو درست قرار دیکر انہی کے ساتھ روزہ اور عید منانا شروع کر دیا، جبکہ دیگر کچھ مقتدر علماء نے ہلال کمیٹی کے فیصلے کو کمپرومائز قرار دیتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے اور پہلا روزہ یوم الشک کی بنیاد پر رکھنے کی تاکید کی۔ ہلال کمیٹی کے ان مسائل کی تفصیل طوالت کا باعث بنیں گی۔ چنانچہ اس سے صرف نظر کرتے ہیں۔

اس سلسلے میں آج مدرسہ رہبر معظم پاراچنار میں استاد العلماء علامہ سید عابد حسین الحسینی کے زیر سرپرستی کرم بھر کے مقتدر علماء کا ایک نمائندہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مدرسہ جعفریہ کے علامہ اخلاق حسین شریعتی، علامہ امین حسین، علامہ لائق حسین، علامہ رؤوف حسین، مجلس علماء اہلبیت کے صدر علامہ سید صفدر علیشاہ نجفی، علامہ احمد علی روحانی، علامہ سید ندیم حسین تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل الحسینی، مدرسہ رہبر معظم کے اساتذہ علامہ سید جعفر الحسینی، علامہ سید امین شاہ، مولانا جلال حسین، معروف عالم اور مقرر مولانا الطاف حسینی ابراہمی، مولانا ایران علی وغیرہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس مسئلے کی سنگینی پر سیر حاصل بحث و مباحثہ ہوا اور مسئلے کا مستقل حل نکالنے کیلئے مندرجہ ذیل تجاویز پیش کی گئیں۔

1۔ ذمہ دار علماء سے رابطہ کرکے یہ گزارش کی جائے گی کہ اعلان کرنے میں جلدی نہ کی جائے بلکہ اس حوالے سے نہایت احتیاط سے کام لیا جائے۔
2۔ آئندہ کرم کے علماء کی ایک متفقہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کمیٹی کے افراد چاند رات کو مخلتف دیہات میں جا کر عوام کے ہمراہ بنفس نفیس چاند دیکھنے کی کوشش کرینگے۔
3۔ پاکستان کے مقتدر علماء سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کردیا جائے گا۔
4۔ رمضان کے بعد ایک وفد تیار کرکے اسلام آباد اور لاہور بھیجا جائے گا۔ جو شیخ محسن اور حافظ ریاض نجفی سے میٹنگ کرے گا اور ان کے تعاون سے ملکی سطح پر ایک ذمہ دار کمیٹی تشکیل دینگے۔ جو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بذات خود چاند دیکھنے کی کوشش کریں گے۔
5۔ چاند رات کو ذمہ دار افراد کا ایک گروپ پاراچنار میں کسی مخصوص مقام پر بیٹھ کر ملک بھر سے روابط کرکے متفقہ اعلان کرینگے۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1049141

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/1049141/پاراچنار-میں-مسئلہ-ہلال-پر-مقتدر-علماء-کا-اعلی-سطحی-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org