QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم سندھ کے وفد کی صوبائی وزراء سے ملاقات

14 Mar 2020 19:04

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر بلدیات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، اس مقصد کے لئے سکھر میں ایک مرکز قائم کردیا گیا ہے جہاں پر ان تمام مسافروں کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بلکہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے اور ساتھ ساتھ اس مرکز پر رہائش پذیر تمام شہریوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے وفد کے ہمراہ ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر بلدیات و مذہبی امور حکومت سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور سندھ میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کے لئے سندھ بھر میں خصوصی اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مسافروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کے لئے سہولیات میسر کرے تا کہ سفر سے لوٹ کر آنے والوں کے لئے مسائل کو کم کیا جائے۔  علامہ باقر زیدی کے ہمراہ وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا علی انور جعفری، سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی حسین نقوی اور سیکرٹری فلاح و بہبود ارشد اللہ مکتبی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران حکومت سندھ کے نمائندوں میں صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی، صوبائی وزیر صحت و انجینئرنگ میر شبیرخان بجارانی، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز حسین شاہ، ہوم سیکرٹری سندھ محمد عثمان چاچڑ اور آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 850319

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/850319/ایم-ڈبلیو-سندھ-کے-وفد-کی-صوبائی-وزراء-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org