آغا سید محمد ہادی کا برسی امام خمینی (رہ) پر خصوصی انٹرویو
انقلاب اسلامی ایران کے اصول دنیاوی نہیں بلکہ قرآنی تھے
متعلقہ فائیلیںمولانا آغا سید محمد ہادی موسوی کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام سے ہے۔ قم المقدس میں 15 سال تحصیل علوم دینی سے فراغت کے بعد سرزمین کشمیر پر قدم رکھا، تقریباً دس سال سے وادی کشمیر میں ہی دینی فرائض انجام دے رہے ہیں، مولانا سید محمد ہادی موسوی جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ایک دینی و سماجی ادارے آیت اللہ یوسف میموریل ٹرسٹ کی سرپرستی بھی کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے مولانا آغا سید محمد ہادی سے امام خمینی (رہ) کی برسی، انقلاب اسلامی ایران کی اہمیت و افادیت اور اس انقلاب کے عالم انسانیت پر رونما ہونیوالے اثرات و ثمرات پر تفصیلی انٹرویو کا اہتمام کیا۔ اس دوران آغا سید محمد ہادی نے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے انقلاب اسلامی ایران سے پہلے اپنے اندر ایک انقلاب برپا کیا تھا۔ امام نے اپنے آپ پر بہت زیادہ کام کیا اور اس نمایاں کارنامے کا نتیجہ یہ ہوا کہ انقلاب اسلامی ایران رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کو سمجھنے سے پہلے ہمیں خود امام خمینی (رہ) کی زندگی کو سمجھنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام نے انقلاب اسلامی ایران کیلئے جو اصول اپنے ہوئے تھے، وہ دنیاوی اصول نہیں تھی بلکہ قرآنی اصول تھے، اس لئے کہا جاتا ہے کہ امام آفاقی رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران ایک نور ہے، جو اگرچہ ایران کی سرزمین پر رونما ہوا، لیکن اس انقلاب کی تعلیمات کو ہرگز محدود نہیں کیا جاسکتا ہے۔
مولانا سید محمد ہادی موسوی کا کہنا تھا کہ اس انقلاب کیخلاف دشمن کی سازشیں فطری ہیں، لیکن یہ ممکن نہیں ہے کہ نور کو محدود کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں موجودہ بیداری کی لہر انقلاب اسلامی ایران کی دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران تمام مستضعفین کا انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ہونیوالا احتجاج ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کے بعد رہبر معظم سید علی خامنہ ای میں بدرجہ اتم تمام قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ امام خمینی (رہ) کے شانہ بشانہ رہ کر انقلاب کی پاسداری کرتے رہے۔ آغا سید ہادی نے کہا کہ وحدتِ امت کے حوالے سے انقلاب اسلامی ایران کا رول لاثانی ہے، مسئلہ فلسطین کی حمایت بھی اسی کی ایک اہم کڑی ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ) https://www.youtube.com/channel/UCnodHW8xrEdtL-iNo9nrjhQ/videos