QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں جلوس عزاء پر سخت پابندیاں نافذ، متعدد عزادار گرفتار

29 Aug 2020 12:37

قابض فورسز نے عزاداروں پر شیلنگ اور آنسو گیس کا بے تحاشہ اشتعمال کیا اور گنڈ حسی بٹ میں عزاداروں کو گرفتار کرکے انپر کالے قوانین کا نفاذ بھی عمل میں لایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے بڈگام، گنڈ حسی بٹ اور سرینگر کے مرکزی جلوسوں پر قابض بھارت نے بدستور پابندی عائد کی۔ 8 محرم الحرام کو شہر کے سول لائنز علاقوں بشمول لال چوک اور بڈشاہ چوک کی مکمل ناکہ بندی کے باوجود کئی مقامات سے تعزیہ کے جلوس برآمد کرنے کی کوشش کی گئی، جس دوران 30 کے قریب عزاداروں کو حراست میں لیا گیا۔ شہر سرینگر کے پائین علاقوں کو سول لائنز علاقوں کے ساتھ ملانے والی سڑکوں کو بند کیا گیا تھا۔ کسی بھی گاڑی کو شہر کے اندرونی علاقوں سے لالچوک، ڈلگیٹ، یا بٹہ مالو کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قابض فورسز نے ڈلگیٹ میں واقع حیدریہ ہال جہاں ماتمی جلوس کو اختتام پذیر ہونا تھا، کی طرف جانے والی سڑکوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا تھا۔ سخت ترین بندشوں کے باوجود جلوس عزاء برآمد کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن پولیس نے عزاداروں کا راستہ روکا، جس دوران کئی عزاداروں کو حراست میں لیا گیا۔

عزاداروں نے ڈلگیٹ کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس یہاں پر گرفتاریاں عمل میں لائی۔ وومنز کالج کے نزدیک بھی چند عزادار جمع ہوئے اور نعرے لگائے، تاہم وہ بعد میں منتشر ہوگئے۔ یہاں نصف درجن کے قریب عزاداروں کو گرفتار کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد ڈلگیٹ سے بھی ماتمی جلوس برآمد کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے اس کو ناکام بناتے ہوئے کئی ایک عزاداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل گنڈ حسی بٹ اور بڈگام میں عزاداروں نے آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ قابض فورسز نے عزاداروں پر شیلنگ اور آنسو گیس کا بے تحاشہ استعمال کیا اور گنڈ حسی بٹ میں عزاداروں کو گرفتار کرکے ان پر کالے قوانین کا نفاذ بھی عمل میں لایا گیا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/channel/UCnodHW8xrEdtL-iNo9nrjhQ


خبر کا کوڈ: 883010

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/883010/مقبوضہ-کشمیر-میں-جلوس-عزاء-پر-سخت-پابندیاں-نافذ-متعدد-عزادار-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org