اسرائیل اور اسے تسلیم کرنے کے تناظر میں پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کا خصوصی ویڈیو انٹرویو
14 Sep 2020 06:57
کراچی یونیورسٹی شعبہ علوم اسلامی کے سینیئر ترین استاد کا ”اسلام ٹائمز“ کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ یہودیت ایک مذہب ہے اور صہیونیت ایک تحریک ہے، مذہب کے پیروکار ہوتے ہیں اور تحریک کے اپنے مخصوص اہداف ہوتے ہیں، اسلام بھی ایک مذہب ہے، دو مذاہب کے درمیان بعض چیزیں ایک جیسی ہوتی ہیں اور بعض میں اختلاف ہوتا ہے، اسکے باوجود دو مذاہب کے افراد مل جل کر رہتے ہیں، دنیا کے ہر خطے میں مختلف مذاہب کے لوگ ساتھ رہتے ہیں، یہ مسئلہ نہیں ہے، لیکن صہیونیت ایک ایسی تحریک ہے، جسکا مقصد ہی مسلمانوں کی سرزمین پر قبضہ کرنا، پھر اس پر اکتفا کرنے کے بجائے اطراف کی مزید زمینوں پر بھی قبضہ کرنا ہے، مسلمانوں کو انکی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے، گریٹر اسرائیل بنانا ہے، لہٰذا صہیونی تحریک کے اسلام مخالف اہداف و مقاصد واضح ہیں، تو ان سے کیسے مذاکرات ہوسکتے ہیں، آپ میرے گھر میں آکر ایک کمرے میں قبضہ کریں، پھر دوسرے، پھر تیسرے اور پھر سارے کمروں پر قبضہ کرلیں اور مجھے ایک کمرے میں محدود کر دیں، پھر بعد میں آنیوالے کہیں کہ ایسا کرتے ہیں اس گھر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے آدھا آدھا دے دیتے ہیں، لیکن یہ کیسے ممکن ہے، قبضہ کرنیوالے نے تو باہر سے آکر قبضہ کیا، اسکے حصے میں کیسے کچھ جا سکتا ہے، امن کے نام پر کیسے اپنی سرزمین کو کسی باہر سے آنیوالے قابض کو دیا جا سکتا ہے، لہٰذا اس جعلی ناجائز اسرائیلی حکومت کو کیسے تسلیم کیا جا سکتا ہے، کیسے اسکے ساتھ تعلقات قائم کیے جا سکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی جامعہ کراچی کے شعبہ علوم اسلامی کے سینیئر ترین استاد ہیں۔ وہ گذشتہ 23 سال سے کلیہ معارف اسلامی جامعہ کراچی میں تدریس و تحقیق کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انکی نگرانی میں 12 طالب علموں نے پی ایچ ڈی اور 5 طالب علموں نے ایم فل کی تحقیق مکمل کی ہے۔ کئی قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں نمائندگی اور مختلف موضوعات پر سیمینارز میں گفتگو کرچکے ہیں۔ مختلف علمی مجلوں میں انکے پچاس سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلز کے بہت سے دینی و حالات حاضرہ کے پروگرامات میں شرکت کرچکے ہیں۔ ”اسلام ٹائمز“ نے اسرائیل کے ناجائز وجود، اسے تسلیم کرنا، تعلقات قائم کرنا خصوصاً تعلیمات اسلامی و حکم قرآنی کی نگاہ میں سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کیساتھ انکی رہائشگاہ پر ایک تفصیلی نشست کی۔ اس موقع پر ان کیساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/channel/UCnodHW8xrEdtL-iNo9nrjhQ
خبر کا کوڈ: 885969