QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر میرواعظ وسطی کشمیر کا خصوصی ویڈیو پیغام

20 Jan 2021 22:48

مقبوضہ کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے میرواعظ مولانا سید عبدالطیف بخاری کا "اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ اس ترقی یافتہ دور میں انٹرنیٹ پر پابندی غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہے۔


میر واعظ وسطی کشمیر مولانا سید عبدالطیف بخاری کا تعلق جموں و کشمیر کے بیروہ سے ہے، وہ مولانا سید علی شاہ کے فرزند ہیں، جنہیں انکی تعلیمی خدمات کی بناء پر لوگ سر سید ثانی کے نام سے یاد کیا کرتے ہیں۔ مولانا سید عبدالطیف بخاری مظہر الحق ہائی اسکول کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، جو اسکول 1934ء سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور اس اسکول کے پروندے جموں و کشمیر کے مختلف شعبہ جات میں اعلٰی خدمات انجام دے رہے ہیں، میر واعظ مولانا سید عبدالطیف بخاری جموں و کشمیر انجمن مظہرالحق کہ جسکا قیام 1955ء میں عمل میں لایا گیا، کے سربراہ بھی ہیں، جسکے ذیل میں ایک مقامی شریعت بورڈ بھی فعال ہے، وہ تقریباً 40 سال سے جامع مسجد بیروہ میں امام جمعہ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، میر واعظ وسطی کشمیر سید عبدالطیف ملی اتحاد فورم کے سرپرست بھی ہیں، جسکا قیام جموں و کشمیر میں اتحاد و اتفاق بین المسلمین کے پیش نظر عمل میں لایا گیا، ملی اتحاد فورم کے زیر اہتمام جموں و کشمیر میں کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔

میر واعظ وسطی کشمیر نے اسلام ٹائمز کے لئے ریکارڈ ہونیوالے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے وادی کشمیر کی صورتحال بہت ہی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ابھی تک اپنے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سیاسی و دینی قائدین کی قید و بند جمہوری اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ سید عبدالطیف بخاری کا کہنا تھا کہ اس ترقی یافتہ دور میں انٹرنیٹ پر پابندی غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہے۔ مسلمانوں کی وحدت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اخلاقی قدروں کی بالادستی کیساتھ امت مسلمہ کو متحد و یکجا ہونا چاہیئے اور جزوی اختلافات کو نظرانداز کرنا چاہیئے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)

https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos


خبر کا کوڈ: 911359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/911359/مقبوضہ-کشمیر-کی-موجودہ-صورتحال-پر-میرواعظ-وسطی-کا-خصوصی-ویڈیو-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org