0
Monday 1 Mar 2021 01:03

اسلام آباد، مفتی اکرام اللہ کے قتل کیخلاف احتجاج کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ٹی ایچ بلوچ
 
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی عہدیدار سمیت 3 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی رات بارہ کہو کے پرنس روڈ پر ایک مدرسے سے متصل مسجد کے سامنے پیش آیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مفتی اکرام اللہ، ان کے 13 سالہ بیٹے سمیع الرحمٰن اور مدرسے کے ایک شاگرد حبیب اللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ تینوں افراد مدرسے سے ملحقہ مفتی اکرام اللہ کی رہائش گاہ کے سامنے کھڑے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ یہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ لگتی ہے، شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ چند حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ واقعے کا کوئی عینی شاہد موجود نہیں اور جائے وقوع پر لوگوں کے آنے سے قبل ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔ بعدازاں مقتول مفتی اکرام اللہ کے بھائی کرامت الرحمٰن کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس کے مطابق مفتی اکرام اللہ، اپنے بیٹے اور شاگرد کے ہمراہ نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد گاڑی میں بیٹھنے جا رہے تھے کہ اسی اثناء میں 2 سے 3 مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق اس موقع پر ان کا ایک اور بھائی ہدایت الرحمٰن بھی موجود تھا، جنہوں نے گاڑی کے پیچھے چھپ کر اپنی جان بچائی، وہ نہ صرف اس واقعے کے عینی شاہد ہیں بلکہ قاتلوں کو شناخت بھی کرسکتے ہیں۔

ایف آئی آر میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے بارہ کہو اٹھال چوک پر مقتولین کی نعشیں رکھ کر احتجاج کیا اور مری جانے والی شاہراہ بلاک کر دی۔ مظاہرین نے اسلام آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے اعلان کیا تھا کہ قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر میاں انیل اور ایس پی سٹی عمر خان مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے۔ احتجاج کی ویڈیو رپورٹ پیش خدمت ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ : 918912
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش