0
Monday 19 Apr 2021 10:46
جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے تحت

شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے مزار قائدؒ پر دھرنا جاری، اہم اعلان، ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںویڈیو رپورٹ: سید ظفر حیدر

ماہ مبارک رمضان میں بھی شدید گرمی کے عالم میں کراچی سمیت ملک بھر سے شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جوائنٹ ایکشن کیمٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز اور خانوادوں کا احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ شیعہ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف بانی پاکستان قائداعظم حضرت محمد علی جناحؒ کے مزار کے باہر دو اپریل 2021ء کو پُرامن احتجاجی دھرنے کا آغاز کیا گیا۔ مزار قائدؒ کے سامنے احتجاجی دھرنے میں روزانہ شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سمیت بچوں، خواتین، بزرگ و دیگر شہری بڑی تعداد میں شدید گرمی کے باوجود شریک ہوتے ہیں۔ شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پُرامن احتجاجی دھرنے کیلئے ایسے مقام کا انتخاب کیا گیا یعنی مزار قائدؒ، جس سے شہریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا، نہ ہی ٹریفک کی روانی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔

پُرامن احتجاجی دھرنے میں روزانہ نماز باجماعت، محفل تلاوت قرآن، دعا و مناجات، عزاداری و میلاد کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا ہے۔ مزار قائدؒ کے باہر پُرامن احتجاجی دھرنے میں روزانہ کی بنیاد پر سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں کی شرکت جاری ہے، مختلف اوقات میں دیگر مذاہب کی نمائندہ شخصات نے بھی پُرامن احتجاجی دھرنے میں شرکت کرکے شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور ہر فورم پر آواز اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ شیعہ لاپتہ افراد کے معصوم بچے اور مستقبل کے معمار شدید گرمی کے عالم میں بھی احتجاجی دھرنے میں ہی اپنی تعلیم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسیران ملت جعفریہ کے معصوم بچوں کے درمیان ان کے جبری لاپتہ والد کی پینٹنگ بنانے کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔

شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس گلزار احمد سے اپیل کی ہے کہ سالوں سے لاپتہ ان کے پیاروں کو بازیاب اور رہا کیا جائے، اگر ان پر کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث ہونے کا الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ پُرامن احتجاجی دھرنے کی قیادت کرنے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے مطابق ریاستی اداروں نے شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ان سے 12 روز کا وقت مانگا تھا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز نے 12 روز کی مہلت ختم ہونے کے بعد مزار قائدؒ دھرنے میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیعہ لاپتہ افراد کی  بازیابی کیلئے جاری احتجاجی تحریک و دھرنے کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ہمارے پیارے بازیاب نہیں ہوئے، اب ہم ہر قسم کے احتجاج کا حق رکھتے ہیں، جمعہ، ہفتہ، اتوار کو تمام بڑے شہروں میں علامتی دھرنے دیئے جائیں گے، عوامی رابطہ و آگاہی مہم شروع کی جائے گی، احتجاج کو وسیع کرتے ہوئے کراچی میں صدر مملکت کے گھر اور گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے اور وفاقی وزراء کے گھروں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے مطالبے پر ملک بھر میں 21 رمضان یوم علیؑ کے تمام جلوسوں کو احتجاجی دھرنے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تمام لاپتہ افراد کی بازیابی تک پُرامن احتجاجی دھرنا و تحریک جاری رہے گی۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ : 928000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش