QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے زیراہتمام "قبلہ اول کی آزادی قریب ہے'' سیمینار کا انعقاد

30 Apr 2021 21:30

اسلام ٹائمز: قومی مرکز لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی ریاستوں کو چاہیئے کہ یوم القدس کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کریں۔ قبلہ اول کی آزادی اب زیادہ دور نہیں رہی۔ جس طرح مسلمان فرانس کے مسئلہ پر ایک آواز بن کر اٹھے ہیں، اسی طرح اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کیخلاف اٹھنے کی ضرورت ہے۔


رپورٹ: توقیر کھرل

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سیمینار بعنوان "قبلہ اول کی آزادی قریب ہے'' منعقد کیا گیا، جس میں ملک کی نامور مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اگر یہود و نصاریٰ اسرائیل کی بقا کیلئے یکجا ہیں تو پھر قبلہ اول کی آزادی کیلئے امت مسلمہ کو بھی باہم ہونا ہوگا۔ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کو متحد کرنے کیلئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اسرائیل کا وجود عالم اسلام کی پشت میں خنجر کی مانند ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جدوجہد کرنے کیساتھ ساتھ فلسطینی مسلمانوں کیلئے بھی اپنی آواز بلند کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیئے کہ صیہونی مظالم روکنے کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ یہودیوں نے ہولو کاسٹ کے بہانے مسلمانوں کو قتل کیا، چاہے وہ معصوم بچے ہی کیوں نہ ہوں۔ اسرائیل صرف مسلمانوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ ڈورون ٹیکنالوجی آئرن میزائل سمیت جدید جنگی ہتھیار اسرئیل کے پاس ہیں، مگر وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ شیعہ سنی مل کر جب بھی ظلم کے مقابلے میں آئیں گے، اسلام دشمنوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ گریٹر اسرائیل کا احمقانہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ جس طرح آج ہم یہاں شیعہ سنی اکٹھے ہوئے ہیں، اسی طرح فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت کے لیے مسلمان حکمران ان شاء اللہ متحد ہوں گے۔

بیرسٹر عامر نے کہا کہ اسلامی ریاستوں کو چاہیئے کہ یوم القدس کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کریں۔ قبلہ اول کی آزادی اب زیادہ دور نہیں رہی۔ جس طرح مسلمان فرانس کے مسئلہ پر ایک آواز بن کر اٹھے ہیں، اسی طرح اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کیخلاف اٹھنے کی ضرورت ہے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کہا کہ آج کا یہ شیعہ سنی اجتماع اس امر کا اظہار ہے کہ یوم القدس کو منانے کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ فلسطین کی آزادی کے بغیر عالم اسلام کو دشمن قوتوں کے مظالم سے نجات نہیں مل سکتی۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 930058

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/930058/ایم-ڈبلیو-پاکستان-کے-زیراہتمام-قبلہ-اول-کی-آزادی-قریب-ہے-سیمینار-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org