0
Saturday 1 May 2021 20:30

کراچی، آزادی القدس کل جماعتی کانفرنس کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںویڈیو رپورٹ: سید ظفر حیدر

عالمی یوم القدس کی مناسبت سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ہوٹل مہران میں آزادی القدس آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے تحریک انصاف کے رہنماء و پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر، پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر، ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، مرکزی صدر آئی ایس او عارف حسین الجانی، اے این پی کے رہنماء یونس بونیری، پاک سرزمین پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسر، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، مولانا احمد اقبال رضوی، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ مولانا امین شہیدی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنماء علامہ مرزا یوسف حسین، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر تقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، سابق رکن قومی اسمبلی قمر عباس، جعفریہ الائنس کے رہنماء شبر رضا، معروف دانشور ادیب ڈاکٹر عالیہ امام، رہنماء (ن) لیگ اظہر ہمدانی، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء راؤ کامران، فنکشنل لیگ کے رہنماء سلمان فیاض و دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، اسلامی جمعیت طلبہ، آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پنجابی اسٹوڈنس ایسوسی ایشن و دیگر طلباء تنظیموں کے نمائندہ وفود نے بھی شرکت کی۔ آزادی القدس کانفرنس سے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنماء خالد قدومی نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کرنے کیلئے آزادی القدس آل پارٹیز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر تاج حیدر نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سامراج کی ہوا اکھڑ چکی ہے، لیکن عالم اسلام تقسیم ہو رہا ہے، القدس کی آزادی کو، قبلہ اول کی آزادی کو اپنا ایک اہم مقصد بنایا ہے، ہمیں اپنے مؤقف کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر بڑی صراحت کے ساتھ اٹھانا چاہیئے، کیونکہ ایک جانب تو القدس کے اوپر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے اور دوسرا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی گئی ہے، ہمیں عالمی سطح پر اس حوالے سے آواز اٹھانی چاہیئے اور بھرپور مذمت کرنی چاہیئے، ہم کوشش کرینگے کہ پارلیمنٹ میں القدس کی بازیابی، مقبوضہ فلسطین کی آزادی اور وہاں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق قرارداد ایوان بالا میں منظور کروائیں۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ حضرت امام خمینی نے فلسطینیوں کو سبق پڑھا دیا تھا کہ فلسطین کی آزادی کیلئے مذاکرات کے بجائے قیام کرنا پڑے گا۔۔ ڈیمونا ایٹمی ری ایکٹر کے قریب میزائل گرنے سے اسرائیلی دفاع کا پول بھی کھل چکا ہے، جلد ہم اسرائیل کی نابودی دیکھیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ جب مسلم ممالک مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈال رہے ہیں، وہیں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سرزمین پاکستان میں فلسطین کاز کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے، اسے زندہ رکھا ہوا ہے، حضرت امام خمینی نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا اعلان کرکے مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ ایم کیو ایم کے سینیئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے آئی ایس او کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کا وطیرہ ہے کہ انہوں نے مظلوم کی حمایت کا علم اٹھا رکھا ہے، آزادی فلسطین سے متعلق کانفرنس سے ہمارا بھی ایمان تازہ ہوتا ہے کہ یہاں نظریاتی سیاست کی اب بھی گنجائش ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے او آئی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ ہزاروں مظلوم فلسطینیوں کو قتل کر دیا گیا لیکن او آئی سی اور مسلم حکمران کہاں ہیں، فلسطین کے معاملے میں نام نہاد مہذب دنیا دوہرے معیار کا شکار ہے، قبلہ اول مسلمانوں سے اپنے حق میں آواز بلند کرنے کا تقاضا کر رہا ہے، جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا اعلان امام خمینی کا عظیم کارنامہ ہے، ان کی توانا آواز آج بھی زندہ ہے۔ معروف دانشور و ادیب ڈاکٹر عالیہ امام کا کہنا تھا کہ مظلوم کا لہو سو شکلیں بدل کا ابھرتا ہے، کہیں احتجاج بنتا ہے تو کہیں انقلاب بنتا ہے، آج نہیں تو کل فلسطین کی سرزمین پر آزادی کا پرچم لہرائے گا۔۔

شیعہ علما کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ یوم القدس تشیع کی تحریک نہیں ہے، مسئلہ فلسطین تشیع کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی نے کہا کہ صہیون ازم مذہب نہیں بلکہ انتہاء پسند نیشنلٹی ہے، اس نے تمام تر ناجائز ذرائع سے فلسطین پر قبضہ کیا، ہولو کاسٹ کے بہانے کو بنیاد بنایا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور آفتاب جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کیلئے پارلیمنٹ میں آواز بلند کرنے کا وعدہ کیا۔

امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کیلئے وہاں اسلحے سے لڑنے کی ضرورت ہے تو وہیں دنیا بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ذہنوں کو بیدار رکھنا بھی ضروری ہے، پارلیمنٹ میں قراردادیں منظور کی جائیں، مسئلہ کشمیر کی طرح مسئلہ فلسطین کو بھی زندہ رکھنا ضروری ہے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے اختتامی خطاب کرتے ہوئے آزادی القدس آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرکے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر تمام سیاسی، مذہبی سماجی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ میں یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد آزادی القدس کیلئے ہماری طرف سے پہلا قدم ہوگا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 930180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش