QR CodeQR Code

فلسطین فاونڈیشن کے زیر اہتمام آزادی القدس کانفرنس

عرب دنیا کے اسرائیل سے تعلقات امت مسلمہ سے خیانت قرار

حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے

4 May 2021 02:35

اسلام ٹائمز: مقررین کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں فلسطین کاز اور کشمیر کاز کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے عناصر کی بیخ کنی کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں اور پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہوکر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔


رپورٹ: توقیر ساجد کھرل

مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں گے، حکومت بھی یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فائونڈیشن پاکستان اسلام آباد چیپٹر کے سرپرست اراکین بشمول پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنماء صدیق الفاروق، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، سنی اتحاد کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل جواد الحسن کاظمی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل اور فلسطین فائونڈیشن اسلام آباد کے ترجمان علی چوہدری نے پیر کے روز پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالم انسانیت کے سب سے بڑے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے غفلت برتی جا رہی ہے، مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گزر رہا ہے، دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے، وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشٹ ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔
آج پہلے کی نسبت فلسطین کاز کے خلاف اندرونی و بیرونی دشمن سرگرم ہوچکے ہیں، امریکہ اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں، جبکہ کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بانیان پاکستان کے نظریہ اور اصولوں پر کاربند ہیں اور اسرائیل جیسی جعلی ریاست کو تسلیم تو دور، دوستانہ تعلقات کو بھی مسترد کر چکے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کا اس عنوان سے موقف یقیناً لائق تحسین ہے، لیکن اس معاملہ پر مزید استقامت اور استحکام کی ضرورت اب بھی باقی ہے اور اس حوالے سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی عرب یا دیگر حکمرانوں کی اسرائیل دوستانہ پالیسی کا پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیئے، پاکستان ایک خود مختار اور ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے، لہذا پاکستان کی پالیسی وہی ہوگی، جو قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والوں کو مسلم امہ کا خائن سمجھتے ہیں، اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا درحقیقت مسلم امہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی امریکی و صہیونی سازش ہے، اس کے ساتھ ہی مسئلہ فلسطین کا حل مسلم امہ کے اتحاد ہی سے ممکن ہے، لیکن جو ممالک اور حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرچکے ہیں، ہم ان سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل سے فی الفور تعلقات منقطع کریں اور مسلم امہ کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچالیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں فلسطین کاز اور کشمیر کاز کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے عناصر کی بیخ کنی کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں اور پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہو کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کو بھی چاہیئے کہ یوم القدس کے موقع پر سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے تحت فلسطین و کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھی جائے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 930603

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/930603/عرب-دنیا-کے-اسرائیل-سے-تعلقات-امت-مسلمہ-خیانت-قرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org