0
Friday 7 May 2021 23:16

عالمی یوم القدس کے موقع پر کوئٹہ میں القدس ریلی کا انعقاد

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر کوئٹہ میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے دین اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ یوم القدس کی احتجاجی ریلی میں امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ جمعہ اسدی اور علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا اور فلسطینی مسلمانوں کی مظلومیت سے عوام کو آگاہ کیا۔ القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں معصوم افراد کا قتل عام کیا ہے، جو کہ کسی بھی دین اور انسانیت کی رو سے درست نہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے پہلے تو قبلہ اول پر قبضہ کیا، پھر مسلمان ممالک سے جنگ کرکے ان کی سرزمین پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ مگر جب انقلاب اسلامی کے بعد امام خمینی نے اسے بے نقاب کیا تو اسرائیل کو مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یوم القدس کے اصل مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اسرائیل ہم سے دور ہے اور ہمارے نعرے نہیں سن سکتا، مگر یہ سلسلہ ہماری بیداری کا سبب بنتا ہے۔

علامہ محمد جمعہ اسدی بھی القدس ریلی میں شریک تھے اور عوام الناس سے انہوں نے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کے مظلوم مسلمان اسرائیل کی بربریت سے بیزار ہوچکے ہیں۔ جو مقدس سرزمین مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے، آج وہاں اسرائیل کا قبضہ ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس پر فریاد کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام یہ جان چکا ہے کہ امریکہ بھی اسرائیل کی پشت پناہی کرتا ہے، یہ منافقت مزید کام نہیں آنے والی اور ہم کسی طور راضی نہیں ہونگے کہ مسلمانوں کا پہلا قبلہ صہیونیوں کے قبضے میں رہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے بھی یوم القدس کی ریلی سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے جدوجہد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس وقت پوری تاریخ میں اپنی کمزور ترین حالت میں ہے اور جیسا کہ رہبر معظم نے اپنی تقریر میں کہا ہے اسرائیل اگلے پچیس برس نہیں دیکھ سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور اللہ کا خوف رکھنے والے اس ذمہ داری کو پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ریلی کے اختتام میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور اسرائیل کی پسپائی اور مسلمانوں کی فتح کی دعا کی گئی۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
خبر کا کوڈ : 931377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش