0
Tuesday 11 May 2021 23:31

کوئٹہ میں سہ روزہ اعتکاف اختتام پذیر

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ علمدار روڈ کے مرکز میں واقع جامعہ مسجد و امامبارگاہ قندھاری میں اعتکاف کمیٹی کی جانب سے تین روزہ اعتکاف کا انعقاد ہوا، جس میں سو کے قریب جوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔ اعتکاف کمیٹی کے فعال رکن مبشر حسین نے اسلام ٹائمز کے نمائندے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اعتکاف کمیٹی پچھلے پندرہ سال سے ماہ رمضان المبارک اور ماہ رجب میں اعتکاف کا انعقاد کرتی آرہی ہے اور ایک ہزار سے زائد افراد اس سلسلے کا حصہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے معاشرتی اصلاح کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سالم معاشرے کے لئے جوانوں کی تربیت پر دھیان دینا بہت ضروری ہے اور دین اسلام میں بھی اس کی اپنی اہمیت ہے۔ اگر ہمیں ایک بہتر معاشرہ تشکیل دینا ہے تو جوانوں کی تربیت دین کے مطابق کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتکاف کے دوران مختلف علمائے کرام بچوں کو عقائد، دینی احکامات اور زندگی کے طور طریقوں سے آگاہ کرتے ہیں، تاکہ وہ آگے بڑھ کر معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بن سکیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مبشر حسین نے کہا کہ گذشتہ برسوں کی نسبت اس سال اعتکاف میں کچھ تبدیلیاں لائی گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انسانی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، اسی لئے کرونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال وہ زیادہ افراد کو اعتکاف میں آنے کی اجازت نہیں دے سکے، جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ دلبرداشتہ ہوگئے۔ مگر وہ پرامید ہیں کہ اگلے سال مذہبی سرگرمیاں زور و شوق سے ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی کے خواہاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اعتکاف اور دیگر تربیتی اجتماعات کا انعقاد کرنا پسند کرتے ہیں۔ اس سال اعتکاف میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ تھی، جو ہمہ وقت عبادات اور قرآن کی تلاوت میں مصروف نظر آئے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
خبر کا کوڈ : 932128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش