1
Monday 31 May 2021 05:21
عراقی صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ سے ملاقات 

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا 3 روزہ دورہ عراق (ویڈیو رپورٹ)

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید محمد ثقلین

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عراقی ہم منصب فواد حسین کی خصوصی دعوت پر جمعہ کے روز اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے عراق روانہ ہوئے، جہاں اُنہیں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے الوداع کیا، بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عراق کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر صالح التمیمی، پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینیئر حکام نے پاکستانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر گیلانی کے روضہ پر حاضری دی، جہاں درگاہ کے متولی سید خالد گیلانی نے خیرمقدم کیا، شاہ محمود قریشی نے روضہ سے ملحقہ جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی، وزیر خارجہ جو خود حضرت بہائوالدین زکریا ملتانی اور حضرت شاہ رکن الدین عالم ملتانی کے سجادہ نشین ہیں، اُنہوں نے بغداد میں موجود برصغیر میں سلسلہ سہروردیہ کے بانی حضرت شیخ شہاب الدین عمر سہروردی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں نبی یوشع علیہ السلام کے مزار اور معروف بزرگ حضرت بہلول دانا کے مزار پر بھی حاضری دی۔

بعدازاں اُنہوں نے بغداد میں امام موسیٰ کاظم علیہ السلام اور امام محمد تقی علیہ السلام کے مزارات پر حاضری دی، وزیر خارجہ نے حرم امام موسیٰ کاظم علیہ السلام میں نوافل ادا کیے، وزیر خارجہ نے ملکی سلامتی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کو عراقی وزیر خارجہ اور دورے کے میزبان فواد حسین سے وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن کاوشوں کا شراکت دار ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکتے ہیں، وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف عراقی عوام کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔

بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عراق میں صدارتی محل پہنچے، جہاں اُنہوں نے عراقی صدر برہام صالح کے ساتھ ملاقات کی، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عراق کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار پہنچایا، وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اور اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بغداد میں عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے عراقی وزیراعظم کو حکومت پاکستان کی جانب سے زائرین کو درپیش سفری و دیگر مشکلات کے ازالے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ہم اپنی توجہ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور عراق کے مابین تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، عراقی وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیر خارجہ نے صحت کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے عراقی وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔

بعدازاں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت داخلہ میں عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمی سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہر سال دو لاکھ سے زائد ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی زیارات مقدسہ کیلئے عراق آتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق زائرین کی سفری مشکلات کے ازالے اور انہیں مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے "زائرین مینجمنٹ پالیسی" متعارف کروا رہے ہیں۔ زائرین مینجمنٹ پالیسی پر موثر عملدرآمد کیلئے ہمیں عراقی حکومت کی معاونت درکار ہوگی، وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ شاہ محمود قریشی اگلے مرحلے میں عراقی وزارت دفاع پہنچے، جہاں اُنہوں نے وزیر دفاع جمعہ عناد سے ملاقات کی۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ عراق کے تیسرے روز کربلا کے گورنر ناصف جاسم الخطابی سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کی جانب سے عراق کے مقدس مقامات کے ساتھ دلی لگائو اور قلبی کیفیت کے ساتھ ساتھ زائرین کو درپیش مشکلات کی جانب متوجہ کیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے کربلا میں پاکستان ہائوس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تاکہ زائرین کی مشکلات کو حل کیا جاسکے۔ 

بعدازاں پاکستانی وزیر خارجہ نے حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مزار اقدس پر حاضری دی، نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی کی خصوصی دعا کی۔ وزیر خارجہ مسجد کوفہ گئے اور تاریخی و مقدس مقامات کی زیارات کیں، وزیر خارجہ نے حضرت مسلم بن عقیل اور حضرت ہانی بن عروہ کے مزارات پر بھی حاضری دی اور عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجف اشرف میں معروف مذہبی اسکالر اور علمی شخصیت آیۃ اللہ بشیر حسین نجفی کے دفتر آمد، آیتہ اللہ بشیر حسین نجفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں اتحاد بین المسلمین، زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار، دو طرفہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطین میں قیام امن کیلئے شروع کیے گئے سفارتی مشن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
خبر کا کوڈ : 935438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش