QR CodeQR Code

پاراچنار میں امام خمینی کی 32ویں برسی کا انعقاد

13 Jun 2021 23:43

ٌاسلام ٹائمز: مقررین نے کہا کہ یہ انقلاب اسلامی ہی ہے کہ آج اسرائیل، امریکہ اور دیگر اسلام دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، عالم اسلام میں ان باطل قوتوں کیخلاف زمین ہموار ہوچکی ہے، جبکہ عنقریب یہ شیطانی قوتیں اپنی موت آپ مر کر نیست و نابود ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ ایران نے امام خمینی کے احتجاج کی کال پر ایک مرتبہ اعلان کیا کہ آج گھر سے نکلنے والے ہر شخص کو گولی مار دی جائیگی، جبکہ اسکے مقابلے میں امام خمینی نے اعلان کیا کہ آج گھر کے اندر رہنے والا شخص اپنا ایمان کھو بیٹھے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس دن پورا ایران گھروں سے نکل کر باہر امڈ آیا، حتی کہ مریضوں کیلئے بسترے باہر لگا دیئے گئے۔


رپورٹ: ایس این حسینی

آج بروز اتوار مدرسہ رہبر معظم انقلاب (پاراچنار) میں امام خمینی کی 32 ویں برسی اور امام خمینی بیدارئ امت سیمنیار کا انعقاد ہوا۔ جس میں عوام و خواص کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام سے علمائے کرام میں سے تحریک حسینی کے سرپرست اعلیٰ علامہ سید عابد حسین الحسینی، تحریک حسینی کی مذاکراتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر سید حسین جان، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء مولانا سید نقی شاہ الحسینی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ باقر علی حیدری، انجمن حسینیہ کے رکن سید مشیر حسین اور صدر تحریک حسینی مولانا عابد حسین جعفری نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ انقلاب اسلامی ہی ہے کہ آج اسرائیل امریکہ اور دیگر اسلام دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، عالم اسلام میں ان باطل قوتوں کے خلاف زمین ہموار ہوچکی ہے، جبکہ عنقریب یہ شیطانی قوتیں اپنی موت آپ مر کر نیست و نابود ہوجائیں گی۔

علماء کرام نے کہا کہ شاہ ایران نے امام خمینی کے احتجاج کی کال پر ایک مرتبہ اعلان کیا کہ آج گھر سے نکلنے والے ہر شخص کو گولی مار دی جائیگی، جبکہ اس کے مقابلے میں امام خمینی نے اعلان کیا کہ آج گھر کے اندر رہنے والا شخص اپنا ایمان کھو بیٹھے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس دن پورا ایران گھروں سے نکل کر باہر امڈ آیا، حتی کہ مریضوں کے لئے بسترے باہر لگا دیئے گئے اور مریضوں نے بھی رات گھروں سے باہر بسر کی۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی کی داغ بیل یوں ڈال دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آجکل سیاست کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے اور لوگ جو سیاست کو منافقت سے تشبیہہ دے رہے ہیں، یہ قابل مذمت ہے، حالانکہ سیاست ایک پاک لفظ ہے۔ یہ انبیاء کی میراث ہے، جنہوں نے اسلام اور امت مسلمہ کی سربلندی اور کامیابی کے لئے دن رات کام کیا انہوں نے کہا کہ اسلامی سیاست قوم کو تارکیوں سے روشنیوں کی طرف نکالنے کا نام ہے۔

پروگرام کے آخر میں استاد العلما علامہ سید عابد الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے اپنی بیدارئ عوام مہم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حقوق کے ساتھ حکومت کی سرپرستی میں کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے اہلیان کرم کے مندرجہ ذیل حقوق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وعدے وعید پر طوری بنگش قبائل کو دھوکہ دے کر اصل مسائل سے ان کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ چنانچہ حقوق کی خاطر قیام کے لئے ہم مجبور ہوچکے ہیں۔ اسی سلسلے میں ہم گاوں گاوں جا کر عوام کو اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کریں گے اور مہم کی تکمیل پر عوام کو نکال کر اپنے حقوق کو زبردستی چھین لیں گے۔ انہوں نے حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی زیادتیوں کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos


خبر کا کوڈ: 937863

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/937863/پاراچنار-میں-امام-خمینی-کی-32ویں-برسی-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org