0
Saturday 31 Jul 2021 11:48

پیغام پاکستان کی روشنی میں اتحاد امت کانفرنس کا اعلامیہ

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ پیغام پاکستان کی روشنی میں اتحادِ امت کانفرنس پیر محمد نقیب الرحمن کی زیر صدارت عیدگاہ شریف راولپنڈی میں ہوئی۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ کوئی مقرر، خطیب، ذاکر یا واعظ اپنی تقریر میں انبیائے کرام علیہم السلام، اہل بیت ِاطہار، ازواج مطہرات، خلفائے راشدین، اصحابِ کرام، آئمہ اطہار، حضرت امام مہدی اور اکابرین امت کی توہین نہ کرے اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اسے کسی مسلکی گروہ کا نمائندہ تصور کئے بغیر تنہا کرتے ہوئے بطورِ مجرم دیکھا جائے۔ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے اعلامیہ میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی فرقہ واریت، انتہاء پسندی اور فساد فی الارض کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امت مسلمہ آپس میں اتفاق و اتحاد سے رہے اور اپنی صلاحیتوں کو اپنے مقصد اصلی پر صرف کرے۔ مذہب کے نام پر دہشتگردی، انتہاء پسندی، فرقہ وارانہ تشدد، قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے اور تمام مکاتبِ فکر اور مذہبی قیادت اس سے مکمل اعلانِ برات کرتی ہے۔

کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری، پیر امین الحسنات شاہ،  علامہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، پیر حبیب اللہ شاہ، پیر پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمن، ڈاکٹر قبلہ ایاز، پیر سعادت علی شاہ، علامہ طاہر محمود اشرفی، علامہ امین شہیدی، علامہ عارف واحدی، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری اور علامہ عبدالخبیر آزاد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ امت میں انتشار پیدا کرنا اور فساد کا باعث بننا حرام ہے۔ عصرِ حاضر کے حالات کے پیش نظر جس قدر اتحاد امت کی آج ضرورت ہے، یقیناً کوئی ذی شعور اس کا انکار نہیں کرسکتا۔ مقرین نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی بقاء اور سربلندی کی خاطر اور دشمن کی چالوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو کر اپنی قوم کو یکجہتی کا درس دینا ہوگا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ : 946034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش