QR CodeQR Code

کراچی میں ایرانی پراڈکٹس کی مانگ میں اضافہ

18 Sep 2021 05:15

اسلام ٹائمز: شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ان دکانوں کی خاص بات یہاں موجود اشیاء کی کم قیمت اور عمدہ معیار ہے، جسکی وجہ سے شہری ان میں نہ صرف بھرپور دلچپسی لے رہے ہیں بلکہ خریداری بھی کر رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ یومیہ فروخت کا رجحان بھی کافی تسلی بخش ہے۔


رپورٹ: صفدر عباس

ایران کی سستی اور عمدہ مصنوعات سے کون واقف نہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں ایرانی اشیاء کے اسٹورز اور دکانیں کھلنے کا رجحان بڑھ گیا ہے، یہ اسٹورز فیڈرل بی ایریا، سولجر بازار، صدر، گلبہار وغیرہ میں موجود ہیں، اس کے علاوہ لیاری میں بھی ایرانی مصنوعات کی خرید و فروخت کی جاتی ہے۔ سولجر بازار میں قائم دی مارٹ اور لیحمو کے نام سے دکانیں قائم ہیں، ان دکانوں پر ایران کا پیک دودھ، دہی، کوکنگ آئیل، پنیر، مایونیز، کیچ اپ، کیک، بسکٹ، جوس، چاکلیٹ، ٹافی، زیتون، گوشت، مچھلی اور نوڈلز سمیت تقریباً دو سو سے زائد اشیا دستیاب ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ان دکانوں کی خاص بات یہاں موجود اشیاء کی کم قیمت اور عمدہ معیار ہے، جس کی وجہ سے شہری ان میں نہ صرف بھرپور دلچپسی لے رہے ہیں بلکہ خریداری بھی کر رہے ہیں۔

ایرانی کیک کی قیمت بیس سے پچیس روپے، پیکڈ دودھ ایک سو بیس روپے فی لیٹر ہے، رانی جوس چالیس سے پچاس روپے کا ہے، ریڈ بل دو سو روپے کا ہے، مختلف ذائقے کا جوس ڈیڑھ سو روپے لیٹر ہے، ٹافی ایک سو ستر سے دو سو روپے کلو، لسی چالیس روپے کی بوتل، کوکنگ آئل دو سو ستاسی روپے لیٹر اور یکتا سرف سو روپے کلو ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ مند، گوادر اور تربت سے مال بذریعہ بس یہاں پہنچتا ہے، یومیہ فروخت کا رجحان بھی کافی تسلی بخش ہے۔ ان دکانوں پر ایران کی صرف کھانے پینے کی اشیاء دستیاب نہیں ہیں بلکہ مرد و خواتین کے برانڈڈ پرفیومز، باڈی اسپرے، ہیئر برش، شہد، شیمپو، روم اسپرے اور جراثیم کش اسپرے سمیت گھریلو ضرورت کی سب ہی اشیاء موجود ہیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 954403

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/954403/کراچی-میں-ایرانی-پراڈکٹس-کی-مانگ-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org