QR CodeQR Code

کراچی کیلئے وفاقی حکومت کا بڑا تحفہ، گرین لائن بس منصوبہ

28 Sep 2021 01:17

اسلام ٹائمز: گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد دو ہزار سولہ میں اسوقت کے وزیراعظم نے رکھا تھا اور یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم چھ سال گزرنے کے باوجود بھی یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے، لیکن اب امید کی جا رہی ہے کہ کراچی کے شہری نومبر سے ٹرانسپورٹ کے اس جدید نظام سے مستفید ہوسکیں گے۔


رپورٹ: صفدر عباس

وفاقی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو بڑا تحفہ دے دیا، کراچی گرین لائن منصوبے کے لئے چین سے منگوائی گئی چالیس گرین لائن بسیں سرجانی ٹاؤن ٹرمینل پہنچ گئیں، آئندہ ماہ مزید چالیس بسیں بیڑے میں شامل ہوں گی، ان بسوں کی روٹ پر پہلے آزمائش ہوگی اور پھر نومبر میں باقاعدہ عوام کے لئے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین لائن پروجیکٹ سے نہ صرف میٹروپولیٹن شہر کراچی کی فضاء صاف رہے گی، بلکہ الیکٹرونک خصوصیات کی وجہ سے ملکی معیشت پر بھی اس کے بڑے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور ساحلی شہر ہے، ایک اندازے کے مطابق ملکی ریونیو میں کراچی کا نمایاں حصہ ہے، اس کے باوجود یہاں ٹرانسپورٹ کا کوئی جدید بہترین نظام موجود نہیں، اسی لئے کہا جا رہا ہے کہ کراچی کی روائتی لوکل بسوں کی نسبت یہ بسیں لمبی اور مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہیں، ہر بس میں ڈیڑھ سو  سے دو سو افراد کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے، بسوں میں خواتین اور معذور افراد کے لئے بھی نشستیں مختص ہیں، جبکہ اس کا کرایہ بھی کافی کم ہوگا۔

گرین لائن منصوبے کے پہلے فیز کی بحالی کے لئے اسی بسیں مختص ہوں گی۔ گرین لائن راہداری بائیس کلومیٹر طویل ہے، جس پر روزانہ تقریباً ایک لاکھ پینتیس ہزار مسافر سواری کرسکیں گے۔ کراچی بندرگاہ پر گرین لائن بسوں کی آمد کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ مزید بسیں اکتوبر میں کراچی پہنچ جائیں گی۔ گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد دو ہزار سولہ میں اس وقت کے وزیراعظم نے رکھا تھا اور یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم چھ سال گزرنے کے باوجود بھی یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے، لیکن اب امید کی جا رہی ہے کہ کراچی کے شہری نومبر سے ٹرانسپورٹ کے اس جدید نظام سے مستفید ہوسکیں گے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 956081

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/956081/کراچی-کیلئے-وفاقی-حکومت-کا-بڑا-تحفہ-گرین-لائن-بس-منصوبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org