QR CodeQR Code

کوئٹہ کی الوداعی مجلس میں سوال و جواب کے سیشن کا انعقاد

9 Oct 2021 01:56

اسلام ٹائمز: حاضرین نے اس طرز کی مجلس کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو ایسے سیشنز کا انعقاد زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات مجالس کے دوران حاضرین کے اذہان میں مختلف شک و شبہات اور ایسے سوالات جنم لیتے ہیں، جنکے جوابات علماء کے پاس ہوتے ہیں۔


رپورٹ: اعجاز علی

ایام عزاء کے اختتام پر کوئٹہ میں ایک منفرد عمل سرانجام دیتے ہوئے آخری مجلس کو سوال و جواب سیشن کے لئے مختص کر دیا گیا۔ جس میں عزاداروں کو کسی بھی مسئلے کے حوالے سے سوال پوچھنے کی دعوت دی گئی۔ مجلس میں کوئٹہ کے معروف عالم دین علامہ ڈاکٹر سید احمد کاظمی جوابات دینے کیلئے موجود تھے۔ کوئٹہ میں مسجد و امامبارگاہ ناصر آباد میں منعقد ہونے والی اس منفرد مجلس میں کچھ عزاداروں نے مائیک پر اپنے سوالات پوچھے، جبکہ خواتین نے پرچی پر اپنے سوالات لکھ کر عالم دین تک پہنچائے۔ یہ منفرد مجلس عزاداروں کی خاص توجہ کا مرکز بنی، جس کی وجہ سے آن لائن ذرائع سے بھی سوالات بھیجے گئے۔ اس موقع پر عزاداروں نے قرآن کریم کی آیات کے مفہوم، اہل بیت اطہارؑ کی زندگی، رسول اکرم (ص) کی احادیث، دینی مسائل، سماجی مشکلات اور ازدواجی زندگی کی دشواریوں سمیت دیگر اہم معاملات سے متعلق سوالات پوچھے۔

علامہ ڈاکٹر سید احمد کاظمی نے حاضرین کے سوالات غور سے سننے کے بعد انہیں اطمینان بخش جوابات بھی دیئے اور ان کے سوالات سے متعلق تاریخی واقعات کے بارے میں بھی بتایا۔ حاضرین نے اس طرز کی مجلس کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو ایسے سیشنز کا انعقاد زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات مجالس کے دوران حاضرین کے اذہان میں مختلف شک و شبہات اور ایسے سوالات جنم لیتے ہیں، جن کے جوابات علماء کے پاس ہوتے ہیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 957827

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/957827/کوئٹہ-کی-الوداعی-مجلس-میں-سوال-جواب-کے-سیشن-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org