QR CodeQR Code

کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں عظیم الشان سالانہ یوم حسینؑ، ویڈیو رپورٹ

17 Oct 2021 15:01

اسلام ٹائمز: مفتی فیصل عزیزی نے کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ فرد نہیں بلکہ دین ہیں، جب امام حسینؑ نے یزید کی بیعت نہیں کی تو کسی اور نے کیسے کرلی، مولانا مودودیؒ نے اسکا بہترین جواب دیا تھا۔


رپورٹ: ظفر جعفری

پاکستان کے شہر کراچی کی معروف درسگاہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طلباء و طالبات کی جانب سے سالانہ یوم حسینؑ کا انعقاد کیا گیا۔ سالانہ یوم حسینؑ میں معروف عالم دین علامہ سید علی افضال رضوی، اہلسنت عالم دین مفتی فیصل عزیزی، ذاکرہ اہلبیت محترمہ نشاط زہراء نے خطاب کیا، جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں تابندہ لاری، معروف منقبت و نوحہ خواں شجاع رضوی نے بارگاہ شہدائے کربلا میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سالانہ یوم حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے ذاکرہ اہلبیت محترمہ نشاط زہراء نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کی تحریک و مقصد قیام کو سمجھنے کیلئے ان کی شخصیت کو سمجھنا اور فضیلت و مقام سے آگاہ ہونا ضروری ہے، امام حسینؑ کے پیغامات تمام عالم انسانیت کیلئے ہیں۔

پیغام قیام امام حسینؑ ہے کہ اسلام پر ہر چیز قربان کر دینی چاہیئے، واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان معرکے کا نام ہے، حق کے مقابل باطل کی شکست یقینی ہے، امت مسلمہ کی جانب سے اپنی نبیؐ کی پیروی چھوڑنے کے نتیجے میں واقعہ کربلا پیش آیا۔ یومِ حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی افضال رضوی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ (ص) نے اپنی حیات طیبہ میں مسلسل امام حسینؑ سمیت اہل بیت علیہم السلام کا تعارف کرایا، یہ انتہائی غور طلب ہے، امام حسینؑ کا ساتھ نہ دینا رسوائی کا باعث اور ان کی راہ میں قتل ہو جانا باعث عزت ہے، ہمیں اس نکتے پر ہمیشہ متوجہ ہونا چاہیئے کہ ہم عاشورا حسینیؑ سے کتنے زیادہ منسلک ہیں، امام حسینؑ نے کہا کہ مجھ جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرے گا، یہ قیامت تک کیلئے انسانیت کیلئے واضح معیار ہے۔

یوم حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی فیصل عزیزی نے کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ فرد نہیں بلکہ دین ہیں، جب امام حسینؑ نے یزید کی بیعت نہیں کی تو کسی اور نے کیسے کر لی، مولانا مودودیؒ نے اس کا بہترین جواب دیا تھا، عبادات اس وقت تک فائدہ نہیں دینگی کہ جب تک دل میں حسینؑ نہ ہو۔ سالانہ یوم حسینؑ میں پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طلباء و طالبات، یونیورسٹی کے اساتذہ اور اسٹاف نے شرکت کی۔ سالانہ یوم حسینؑ کا اختتام سلام آخر کے ساتھ کیا گیا، سلام آخر جناب مظہر عباس نے پیش کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 959143

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/959143/کراچی-کی-این-ڈی-یونیورسٹی-میں-عظیم-الشان-سالانہ-یوم-حسین-ویڈیو-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org