QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے محفل مذاکرہ

27 Oct 2021 23:56

جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور انصاری نے سیرت النبوی (ص) کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیامبر اسلام (ص) نے انسانیت کو جہالت گمراہی اور ظلم و ذلالت کے اندھیروں سے نکال کر علم و عدل اور انصاف کی تعلیمات سے آراستہ کرکے مثالی معاشرہ تعمیر کیا۔


رپورٹ: جاوید عباس رضوی

مقبوضہ کشمیر کے قصبہ ماگام میں عید میلادالنبی (ص)، ولادت باسعادت حضرت امام جعفر صادق (ع) اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام شہید بہشتی ہال ماگام میں ایک پُروقار محفل مذاکرہ کا انعقاد ہوا۔ جس میں علمائے کرام، دانشور حضرات اور شعراء نے اپنے ذرین خیالات سے حاضرین کے قلوب منور کئے۔ محفل مذاکرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حسب روایت نعت خواں حضرات نے شیرین دہن سے پیامبر اسلام (ص) کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران آغا سید محمد رضوی نے اسوہ حسنہ کے موضوع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) زندگی کے ہر میدان میں عالم انسانیت کے لئے بہترین اسوہ اور رول ماڈل ہیں۔ محفل مذاکرہ سے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری کے علاوہ ڈاکٹر سمیر صدیقی، مولانا سید محمد رضوی اور مولانا سید عابد حسینی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر پیر سمیر صدیقی نے ہفتہ وحدت کو امت مسلمہ کے لئے ایک بے نظیر تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اس ہفتہ میں ہم فروعی اختلافات کو ختم کرنے کی عملی مشق کرکے ملت واحدہ ملت اسلامیہ کی دیرینہ خواہش کو حتمی شکل دے سکتے ہیں۔

مولانا آغا سید عابد حسینی نے جمہوری اسلامی ایران اور رہبر انقلاب کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں بین الاقوامی وحدت کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین ہے، اس کانفرنس سے دشمنان اتحاد و اسلام بوکھلاہٹ کے شکار ہوگئے ہیں۔ مولانا مسرور انصاری نے سیرت النبوی (ص) کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیامبر اسلام (ص) نے انسانیت کو جہالت گمراہی اور ظلم و ذلالت کے اندھیروں سے نکال کر علم و عدل اور انصاف کی تعلیمات سے آراستہ کرکے مثالی معاشرہ تعمیر کیا اور اس کے لئے فقید المثال جانی و مالی قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں انتشار، اضطراب، اختلافات اور بے چینی جیسے مسائل و مشکلات کی بنیادی وجہ اتباع محمد و آل محمد (ص) سے دوری ہے، اگر مسلمانان عالم سیرت نبوی و سیرت اہلبیت پر عمل پیرا ہوجائیں اور آپس میں متحد ہوجائیں تو ایک مثالی معاشرے کی تعمیر یقینی ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 960667

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/960667/مقبوضہ-کشمیر-میں-میلاد-النبی-ص-کی-مناسبت-سے-محفل-مذاکرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org