QR CodeQR Code

بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

26 Jan 2022 20:34

اسلام ٹائمز: وادی کشمیر میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو منقطع کی گئیں۔ کشمیر کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ یا یوم آزادی ہند کے مواقع پر وادی کشمیر میں مواصلاتی نظام پر قدغن عائد کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔


رپورٹ: جاوید عباس رضوی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر آج سیول کرفیو کا نفاذ کیا گیا۔ تمام نجی و سرکاری ادارے اور تمام اضلاع کے بازار مکمل بند رہے۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل رکھی گئیں۔ تاہم معمول کے برخلاف کالنگ سروس کو معطل نہیں کیا گیا۔ انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران الیکٹرانک بزنس اور ای بینکنگ کا نظام پوری طرح سے ٹھپ رہا۔ طلباء کو بھی شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وادی کشمیر میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو منقطع کی گئیں۔ کشمیر کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ یا یوم آزادی ہند کے مواقع پر وادی کشمیر میں مواصلاتی نظام پر قدغن عائد کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ وادی کشمیر میں صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی اب وادی میں روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بدھ کے روز یوم جمہوریہ کے موقع پر سکیورٹی کا سخت ترین پہرہ لگایا گیا تھے۔ جہاں سرینگر کے ہائی سکیورٹی زون میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب کے پیش نظر کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کے لئے سرینگر کے مختلف حصوں میں بدھ کو سخت ترین سکیورٹی رکاوٹیں کھڑی دیکھی گئیں، وہیں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وادی بھر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع رکھی گئیں۔ سرینگر میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران شیر کشمیر اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا تھا۔ کسی بھی طرح کے فدائی حملے سے نمٹنے کے لئے اونچی اونچی عمارتوں بالخصوص سلیمان ٹینگ چوٹی پر شارپ شوٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔

بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے وادی کشمیر کے اطراف و اکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو سرینگر کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر قابض فورسز کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے تھے، جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے۔ چیکنگ کا یہ سلسلہ گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھا۔ ادھر عام کشمیریوں نے ہڑتال کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور دن بھر گھروں میں رہنے میں ہی اپنی عافیت جانی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ویڈیو رپورٹ ناظرین کرام کی خدمت میں پیش ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 975667

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/video/975667/بھارتی-یوم-جمہوریہ-پر-مقبوضہ-کشمیر-میں-مکمل-ہڑتال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org