0
Sunday 28 Apr 2024 13:15

ڈر ہے کہ اسرائیل، غزہ کے بعد مغربی کنارے کے عوام کو جبری طور پر اردن منتقل کردیگا، محمود عباس

ڈر ہے کہ اسرائیل، غزہ کے بعد مغربی کنارے کے عوام کو جبری طور پر اردن منتقل کردیگا، محمود عباس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر "محمود عباس" نے آج سعودی عرب کے دارالحکومت "ریاض" میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی نہتے شہری پر صیہونی حملہ نا قابل قبول ہے اور ہم اسے سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ محمود عباس نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے جبری منتقلی کو قبول نہیں کریں گے۔ فلسطینی اتھارٹی آزاد فلسطینی ریاست کی شکل میں غزہ و مغربی کنارے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس دوران انہوں نے اسرائیلی حملوں کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل، حماس سے انتقام لینے کے بہانے غزہ پر جارحیت کر رہا ہے۔ لیکن درحقیقت صیہونی، فلسطینیوں سے انتقام لے رہے ہیں۔ اسرائیل نے 200 دنوں میں تقریباََ 34 ہزار فلسطینیوں کو غزہ میں قتل کر دیا ہے کہ جن میں سے بیشتر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے کہا کہ 1 لاکھ 10 ہزار فلسطینی زخمی و شہید ہو چکے ہیں۔ صیہونی رژیم نے 75 فیصد غزه تباہ کر دیا ہے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل کی گفتگو کا حوالہ دیا، جس میں جوزپ بورل نے کہا تھا کہ غزہ میں جاری جنگی جرائم کا حجم جنگ عظیم دوئم میں ہونے والے نقصان سے بڑھ چکا ہے۔ آخر میں محمود عباس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کے لئے اُسے بطور ملک تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا خدشہ ہے کہ اسرائیل، غزہ کے بعد مغربی کنارے کے لوگوں کو جبری طور پر اردن منتقل کر دے گا۔
خبر کا کوڈ : 1131702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش